نئی دہلی (جنگ نیوز)بھارت میں پولیس کے ایک سابق اہلکار سنجیو بھٹ کو 30 برس قبل ہونے والے ایک قتل میں مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔سابق اہلکار سنجیو بھٹ وہی ہیں جو سنہ 2002 میں گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے مبینہ کردار پر تنقید کرتے رہے ہیں۔سنجیو بھٹ نے نریندر مودی پر الزام عائد کیا تھا کہ گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر انہوں نے پولیس اہلکاروں کو یہ ہدایت دی تھی کہ ’ہندوؤں کو مسلمانوں کے خلاف اپنا غصہ نکالنے دیں۔‘گجرات میں ہونے والے قتل عام میں عورتوں اور بچوں سمیت ایک ہزار مسلمانوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ نریندر مودی اس وقت گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے اور انھوں نے اس قتل عام میں کوئی منفی کردار ادا کرنے کی ہمیشہ تردید کی ہے۔