• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں شعیب ملک کو لے جانے کا فیصلہ ہی غلط تھا، اس بارے میں کپتان، چیف سلیکٹر اور کوچ سے جواب طلب کرنا چاہئے۔ اب شعیب ملک کو ٹی 20ٹیم سے بھی فارغ کر دینا چاہئے۔

پاکستان کی جانب سے 288ون ڈے میچوں میں 41.71 کی اوسط سے 9720 رنز بنانے والے محمد یوسف نے کہا کہ کس بنیاد پر شعیب ملک جیسے بیٹسمین کو ورلڈ کپ کے لیے منتخب کرلیا گیا جبکہ انگلینڈ میں اس کی اوسط ہی 13 رنز کی ہے۔

محمد یوسف کا کہنا ہے کہ شعیب ملک نے آسڑیلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ میں کبھی پرفارم نہیں کیا، ہاں اگر یہ ورلڈ کپ دبئی، بنگلہ دیش، سری لنکا یا بھارت میں ہوتا تو ان کو منتخب کرنے کے بارے میں سوچا جا سکتا تھا۔

محمد یوسف کا مزید کہنا تھا کہ خدارا پاکستان کرکٹ بورڈ کو اب شعیب ملک کو ٹی 20ٹیم سے بھی فارغ کر دینا چاہئے اور آئندہ سال آسڑیلیا میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے لئے شعیب ملک کو ہرگز منتخب نہیں کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ شعیب ملک کو اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اس پرفارمنس پر وہ 20 سال پاکستان کے لئے کھیل گئے، اب بہت ہوگیا ہے، شعیب کو عزت سے کرکٹ کو چھوڑ دینا چاہئے۔

تازہ ترین