• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

روشنیوں کے شہر میں روشنیوں کا میلہ ’’لکس اسٹائل ایوارڈز 2019ء‘‘

’’جیو ‘‘ اور ’’جنگ گروپ ‘‘ کے تعاون سے ’’لکس اسٹائل ایوارڈز‘‘ کی 18ویں، شاندار ، رنگا رنگ اور مسحور کن تقریب گذشتہ دِنوں کراچی میں منعقد ہوئی جس میں حسن کے ساتھ ، فنکارانہ صلاحیتوں سے مالا مال انٹرٹینمنٹ، موسیقی اور فیشن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے آرٹسٹوں کی ایوارڈ کے ذریعے بھر پور حوصلہ افزائی کی گئی۔

روشنیوں کے شہر میں روشنیوں کا میلہ ’’لکس اسٹائل ایوارڈز 2019ء‘‘
میکال ذوالفقار اداکارہ صبور علی کے ساتھ

فیشن کے رنگوں سے جھلملاتی شام میں رقص، ہلاگلہ اور موسیقی کا بھر پور رونق میلہ نصف شب تک جاری رہا۔ امسال پاکستان میں انٹرٹینمنٹ، موسیقی اور فیشن کی پذیرائی کرنے والا ایوارڈ شو پہلے سے کہیں زیادہ بڑا، متاثر کُن، انتہائی پُر رونق اور انٹرٹینمنٹ سے بھر پور تھا۔ ریڈ کارپٹ پر فلمی ستاروں نے بھی ماحول کو انتہائی خوشگوار بنا دیا۔ جوش، ہوش اور مدہوش کرنیوالے گیت کانوں میں رَس گھولتے رہے۔ سُریلے گیتوں پر دلفریب رقص کرتے ہوئے، فن کار بھی اسٹیج پر اپنے فن کی بجلیاں گراتے رہے۔ روشنیوں کی چکا چوند میں سجا اسٹیج، بجیتں سیٹیاں اور تالیاں بھی لہو گرماتی رہیں۔ قہقہے لگانے پر مجبور کرنے کیلئے فنکاروں کی مختلف جوڑیوں نے بھی سامعین کے دِل موہ لئے۔ آرٹسٹوں کی پرفارمنس، گلیمر، تفریح اور فیشن کے امتزاج نے اس تقریب کو اہلیان کراچی کیلئے ایک یادگار ایونٹ میں تبدیل کردیا۔

روشنیوں کے شہر میں روشنیوں کا میلہ ’’لکس اسٹائل ایوارڈز 2019ء‘‘
لیجنڈ اداکارہ شبنم اداکارہ ندیم کے ساتھ

لکس اسٹائل ایوارڈز میں شمولیت کیلئے چھوٹے بڑے تمام شہروں سے فنکاروں کی کہکشاں ایک جگہ سمٹ گئی تھی۔ تقریب سے کچھ دن قبل فن کاروں نے بھر پور ریہرسل کی۔ معروف کوریو گرافر، نگاہ جی بھی فنکاروں کے فن میں نکھار پیدا کرنے کیلئے محنت کرتے دکھائی دیئے اور تمام آرٹسٹوں کو اپنے گُر سکھائے۔ فیشن کی دُنیا کا معتبر نام فریحہ الطاف بطور شو ڈائریکٹر اس تقریب کا حصہ بنیں۔ اسٹیج کے مناظر خوبصورت رنگوں اور سینریز سے تبدیل ہوکر ہر ایک کے دِل کے تار چھیڑتے رہے۔ شاندار گرافکس ایفکٹس نے بھی ہر کسی کو کہنے پر مجبور کردیا کہ ہم کسی سے کم نہیں۔ رنگا رنگ ایوارڈ شو کی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ یونی لیور کی شازیہ سید نے افتتاحی تقریر میں لکس اسٹائل ایوارڈز کے اغراض و مقاصد سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

روشنیوں کے شہر میں روشنیوں کا میلہ ’’لکس اسٹائل ایوارڈز 2019ء‘‘
فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات رقص کرتے ہوئے

اُنہوں نے بطور معاشرہ ہمارے اندر پائی جانے والی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اندر تبدیلی لانا ضروری ہے۔ مقبول اداکار فہد مصطفی نے انوکھا انداز اپنایا اور وہ رکشے پر بیٹھ کر اسٹیج پر آئے۔ اُن کا منفرد انداز دیکھ سامعین نے تالیوں کی گونج میں اُن کا استقبال کیا۔ فہد کے علاوہ شہریار منور اور مایا علی، مہوش حیات، احمد علی اکبر، منشاپاشا، ماہرہ خان، شفاعت علی اور علی سفینا نے بھی مختلف سیگمنٹس میں میزبانی کی۔ عوام کی پسندیدہ اور خوبرو و اداکارائوں نے ’’لکس اسٹائل ایوارڈز‘‘ کے اسٹیج پر ڈانس پرفارمنس دی تو محفل میں تڑکا لگ گیا۔ مومنہ مستحسن کی پرفارمنس بھی کسی سے کم نہ تھی، اداکارہ ماہرہ خان، مہوش حیات، صبا قمر، فہد مصطفیٰ سمیت دیگر آرٹسٹوں نے پاکستانی گانوں پرفارم کرکے میلہ لوٹ لیا۔ صبا قمر نے ’’میرا بابو چھیل چھبیلا میں تو ناچوں گی‘‘ پر ایسا پرفارم کیا کہ حاضرین داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔ عاطف اسلم نے اپنی آواز کا جادو جگا کر سامعین کے دل کی دھڑکنیں تیز کردیں۔ احمد بٹ ، عظمیٰ خان ، حنا دل پذیر ، صبا قمر اور یاسر حسین جوڑیوں میں آکر قہقہوں کے تیر چلاتے رہے ، مختلف سیگمنٹس میں مزاح کا تڑکہ لگتا رہا تو کوئی بھی اپنی ہنسی نہ روک سکا اِن فنکاروں نے اپنی گفتگو سے محفل کو گل و گلزار کردیا۔

روشنیوں کے شہر میں روشنیوں کا میلہ ’’لکس اسٹائل ایوارڈز 2019ء‘‘
مایا علی پاکستانی گانے پر محو رقصاں

جھلمل ستاروں ، مدھر موسیقی ، سریلی آوازوں، رقص، قہقہوں اور خوشیوں کے ساتھ رات گئے تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ فلم، فیشن ، ٹی وی ، شوبز انڈسٹری ، عمائدین شہر، ایڈورٹائزنگ، میڈیا اور عوام کی بڑی تعداد نے اس تقریب میں بھر پور شرکت کرکے چار چاند لگادیئے۔ ایوارڈز جیتنے والوں کے چہرے خوشی سے دمک رہے تھے، تالیوں اور سیٹیوں کی گونج بھی فاتح آرٹسٹوں کا حوصلہ بلند کررہی تھی۔ ایوارڈز کے ہر ایک لمحہ کی یاد تازہ کرنے کیلئے ’’اسٹائل ایوارڈز‘‘ کی رنگا رنگ تقریب بہت جلد ’’جیو ٹی وی‘‘ سے نشر کی جائے گی۔

عوام کی براہ راست ووٹنگ

’’اسٹائل ایوارڈز‘‘ میں اس بار ایک خاص بات یہ تھی کہ عام لوگوں کو بھی اس ایوارڈ کیلئے انگیج رکھا گیا۔ 9 درجہ بندیوں میں ناظرین کو براہ راست ووٹنگ کا حق دیا گیا۔ ایونٹ کے آغاز سے چند روز قبل شروع ہونے والا ووٹنگ کا سلسلہ 30 جون کو ختم ہوگیا تھا۔ ناظرین نے اپنے پسندیدہ شعبے کیلئے لکس اسٹائل کی ویب سائٹ پر جاکر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ مختلف اداکاروں اور فنکاروں کے پرستاروں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے اپنے پسندیدہ فن کاروں کیلئے بڑی تعداد میں ووٹنگ میں حصّہ لیا۔

’’خانی‘‘اور ’’جیوفلمز ‘‘کا چرچا خانی کو 2 اور جیو کی فلموں کو 4 ایوارڈز ملے

عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کی شہرۂ آفاق سیریل ’’خانی‘‘ کا لکس اسٹائل ایوارڈ میں بھر پور چرچا رہا اِس سیریل کو 6 مختلف کیٹیگریز کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔ یہ میگا سیریل ایوارڈ ز میں بہترین سیریل، بہترین اداکار میل (فیروز خان)، بہترین اداکارہ فی میل (ثنا جاوید)، بہترین اوریجنل سائونڈ ٹریک (راحت فتح علی خان)، بہترین کمپوزر (ساحر علی بگا)، بہترین ٹی وی ڈرامہ ہدایتکار (انجم شہزاد ) اور بہترین ٹی وی رائٹر (اسما نبیل ) کی کیٹیگریز میں نامزد ہوئے۔ 

روشنیوں کے شہر میں روشنیوں کا میلہ ’’لکس اسٹائل ایوارڈز 2019ء‘‘
صبا قمر تقریب کے دوران پرفارم کرتے ہوئے

اسٹائل ایوارڈز کی فلم کیٹیگری میں’’جیوفلمز‘‘ کی ’’طیفا اِن ٹربل‘‘ اور لوڈویڈنگ‘‘ بھی پیش پیش تھی۔ بہترین فلم اداکار کیلئے علی ظفر، فہد مصطفی، عدنان ملک، احمد علی بٹ اور محمد احمد جبکہ بہترین فلم ادکارہ کیلئے امینہ شیخ، حاجرہ یامین، مہوش حیات ، صنم سعید اور سوہائے علی ابڑو کے درمیان مقابلہ رہا۔ فلم کے بہترین ہدایتکار وں میںاحسن رحیم، عاصم عباسی، حسیب حسن، نبیل قریشی اور ندیم بیگ ، موسیقی کے شعبے میں بہترین گلوکار کے لئے بلال علی، خرم اقبال، شمعون اسماعیل، محسن عباس اور سہیل حیدر ، بہترین ٹی وی اداکار کے لئے فیروز خان، بلال عباس، نعمان اعجاز، قوی خان اور سمیع خان ، بہترین ٹی وی اداکارہ کیلئے اقرا عزیز ، نیلم منیر، ثنا جاوید، سونیا حسین اور اُشنا شاہ ، بہترین ٹی وی ہدایتکار کیلئے انجم شہزاد، احسن طالش ،کاشف نثار، قاسم علی مرید اور شاہد شفاعت ، بہترین ٹی وی رائیٹر کی کیٹیگری میں آمنہ مفتی، اسماء نبیل، بی گل، فیض افتخار، زنجبیل عاصم میں ٹاکرا ہوا۔

اسٹائل ایوارڈز میں جیو ٹیلی ویژن کی شہرۂ آفاق ڈرامہ سیریل ’’خانی‘‘ نے دو جبکہ ’’جیوفلمز‘‘ کی ریلیز کی گئی فلم ’’طیفا اِن ٹربل‘‘ اور ’’جیوفلمز‘‘ ہی کی ’’لوڈویڈنگ‘‘ نے مزید دو ،دو ایوارڈز اپنے نام کئے۔ ملک گیر شہرت حاصل کرنے والا ڈرامہ ’’خانی‘‘ پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کی پیشکش تھی ۔ اسٹائل ایوارڈ کی ’’ٹیلی ویژن‘‘ کیٹیگری میں ’’خانی‘‘ کیلئے ’’فیروز خان‘‘ نے بہترین اداکار جبکہ راحت فتح علی خان نے بہترین اوریجنل سائونڈ ٹریک کا ایواڈ حاصل کرکیا۔ فلم ’’طیفا اِن ٹربل‘‘ میں علی ظفر نے بہترین اداکار اور احسن رحیم نے بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ وصول کیا۔ مہوش حیات نے بہترین اداکارہ جبکہ فہد مصطفی نے بہترین اداکار کا ایوارڈ وصول کیا۔

شبنم کیلئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ

ماضی کی سپر اسٹار اداکارہ شبنم کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 

روشنیوں کے شہر میں روشنیوں کا میلہ ’’لکس اسٹائل ایوارڈز 2019ء‘‘
ماہرہ خان، میکال ذوالفقار دیگر اداکاروں کے ساتھ 

30برس تک پاکستان کی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی معروف اداکارہ کی جاندار اداکاری اور مکالموں کی ادائیگی کا منفرد انداز شائقین کے دِلوں پر آج بھی نقش ہے۔ اداکارہ شبنم کو اُن کی بہترین خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا حاضرین نے کھڑے ہوکر اُن کا استقبال کیا۔ معروف گلوکار عاطف اسلم نے لیجنڈ اداکارہ شبنم کو ’’تیرے بن میرا جیون کچھ نہیں‘‘ گیت گا کر خراج تحسین پیش کیا۔ عاطف نے اپنی آواز سے ایسا جادو جگایا کہ سب کچھ لمحات کیلئے ماضی میں ڈوب گئے۔ ہیئر اینڈ میک اَپ اسٹائلسٹ نبیلہ کو بھی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔

روشنیوں کے شہر میں روشنیوں کا میلہ ’’لکس اسٹائل ایوارڈز 2019ء‘‘
یاسر حسین اقرا عزیز کو منگنی کی انگوٹھی پہناتے ہوئے

ایوارڈ شو کا یادگار لمحہ

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار یاسر حسین نے اداکارہ اقرا عزیز کو ’’لکس اسٹائل ایوارڈز‘‘کی پُررونق تقریب کے دوران اچانک پرپوز کیا تو ہال میں چند منٹوں کی خاموشی چھا گئی، ہر ایک کی نظریں اقرا پر تھی۔ اقرا عزیز نے بھی فوراً ’’ہاں‘‘ کردی۔ شادی کے پیغام کے اس انوکھے انداز کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریب میں سب کے سامنے یاسر نے اقرا کو انگوٹھی کے ساتھ پرپوز کرتے ہوئے پوچھا کیا آپ مجھ سے شادی کرو گی؟۔ کچھ دیر خاموشی کے بعد یاسر نے اقرا سے پھر کہا کہ جلدی سے ’’ہاں‘‘ کردو، ورنہ بے عزتی ہو جائے گی اور پھر اقرا کی رضا مندی پر یاسر خوشی سے پھولے نہ سمائے ۔ یاسر نے جیسے ہی انگوٹھی اقرا کو پہنائی تو تمام فنکاروں نے دونوں کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔ اسٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ نے اداکارہ کی جگمگاتی منگنی کی انگوٹھی پہنے تصویر کو پوسٹ کرتے ہوئے اسے ایونٹ کا یادگار لمحہ قرار ددیا ہے۔

اسٹائل ایوارڈز کے فاتح

’’ٹیلی ویژن‘‘ کیٹیگری میں بہترین اداکارہ (ویورز چوائس) اقرا عزیز، بہترین اداکار (جیوری) نعمان اعجاز، بہترین اداکارہ (جیوری) اقرا عزیز، بہترین ہدایتکار کاشف نثار، بہترین رائٹر بی گل اور بہترین ایمرجنگ ٹیلنٹ رِدا بلال قرار پائیں۔

روشنیوں کے شہر میں روشنیوں کا میلہ ’’لکس اسٹائل ایوارڈز 2019ء‘‘
عبداللہ کادوانی بیگم کے ہمراہ

 ’’فلم کیٹیگری‘‘ میں بہترین فلم ’’کیک‘‘، بہترین اداکارہ (ویورز چوائس) سوہائے علی ابڑ (موٹرسائیکل گرل) رہیں۔ ’’موسیقی‘‘ کی کیٹگری میں بہترین گیت یا قربان (خماریاں)، سال کے بہترین گلوکار کا ایوارڈ محسن عباس اور سہیل حیدر (ناجا)، بہترین ایمرجنگ ٹیلنٹ ساکن (ساقی بے وفا) اور بہترین پس پردہ گلوکار کا ایوارڈ عاطف اسلم ’’تھام لو‘‘ ( پرواز ہے جنون ) کو ملا۔ ’’فیشن ‘‘ کیکٹگری میں ماڈل آف دی ایئر (فی میل) صدف کنول، ماڈل آف دی ایئر (میل) شہزاد نور، اچیومنٹ اِن فیشن ڈیزائن (برائیڈل) کامیار روکنی، اچیومنٹ اِن فیشن ڈیزان (مین سویئر) ’’ریپبلک‘‘ عمر فاروق، اچیومنٹ اِن فیشن ڈیزائن (پرٹ) چیپٹر 2، اچیومنٹ اِ فیشن ڈیزائن (لگژری پرٹ) ثنا سفیناز، بہترین فیشن فوٹو گرافر رضوان الحق، بہترین ہیئر اینڈ میک اَپ آرٹسٹ قاسم لیاقت اور بہترین ایمرجنگ ٹیلنٹ (فیشن) ماڈل مشک کلیم کو ایوارڈز دیئے گئے۔

مرکز نگاہ

سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے بانی عبداللہ کادوانی ، لکس گرل صبا قمر، مایا علی، ندیم، شبنم، بشریٰ انصاری، قوی خان، مہوش حیات، میرا ، عاطف اسلم ، ثاقب ملک ، سنگیتا، علی رحمان، علی سفینہ، سبور ، جنید خان، امر خان، زباب رانا، عثمان پیر زاد، سمیع خان، انجم شہزاد ، احمد بٹ، فیروز خان، حنا دل پذیر، یاسر حسین، مومنہ مستحسن، ندا یاسر، احمد علی اکبر، منشا پاشا، فہد مصطفی، شفاعت حسین، رابعہ انعم، عاصم رضا، عائلہ رضا، شہریار منور، اُشنا شاہ، ثروت گیلانی، نومی انصاری، یوسف اسلم، ٹینا ثانی ، میکال ذوالفقار اور سینئر صحافی سہیل وڑائچ سمیت فیشن کی دُنیا کے کئی نامور ستارے بھی تقریب میں مرکز نگاہ بنے رہے۔  

تازہ ترین
تازہ ترین