• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم ریسورس سینٹر کے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان کی تقریب

وقار ملک،کوونٹری ،برطانیہ

مسلم ریسورس سینٹر کے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان مکمل طور پر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منایا گیا ۔ نوجوان، بوڑھے، مرد، خواتین جہاں اپنی سوہنی دھرتی پاکستان کی محبت میں سرشار نظر آئے، وہیں معصوم کشمیریوں کے ساتھ اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار بھی کیا۔ کشمیر کے جھنڈے بیج اور نعروں نے شرکاء میں ایک تڑپ اور جوش و جذبہ پیدا کر دیا ۔مسلم ریسورس سینٹرکے سابق چیئرمین محمد یونس منہاس موجودہ چیئرمین غلام شبیر اور جنرل سیکریٹری راجہ اصغر نمبل نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ساتھ ہی کشمیر کی موجودہ صورتحال پر یشان بھی نظر آئے اور عوام سے اپیل کی کہ بھارت کے خلاف مظاہروں میں بھرپور حصہ لیا جائے۔ 

تقریب میں پی آئی اے نے بھرپور نمائندگی کی۔ برمنگھم سے منیجر عامر منگن اورا سٹیشن منیجر سعدیہ ناز پاکستان کے جھنڈوں اور کشمیر کے بیجز کے ساتھ ہال میں پہنچے تو عوام نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ اس موقعے پرا سٹیج سیکریٹری بیرسٹر چوہدری شبیر نے پی آئی کا شکریہ ادا کیا۔ا سٹیشن منیجر مس سعدیہ نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ پی آئی اے پاکستان کا جھنڈا اور قومی ائیر لائین ہے جس کی حفاظت اور کامیاب بنانا ہمارا فرض ہے۔ پی آئی اے اپنے مسافروں کو بہتر سے بہترسہولیات فراہم کر رہی ہے۔ نئی انتظامیہ ایسی پالیسیاں مرتب کر رہی ہے ،جس سے عوام مستفید ہوں گے ۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر کے مشیر راجہ جاوید نے کہا کہ بھارت کا ظلم انتہا کو پہنچ چکا ہے ۔بھارت کے جارحانہ عزاہم پورے خطے کے لیے تباہ کن ہیں ،عالمی طاقتیں بھارت کو لگام دیں تاکہ خطے میں امن ہو اور عوام خوشحال ہوں۔ بھارت نے جنوبی ایشیاء میں امن تباہ کر رکھا ہے جس سے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا لپیٹ میں آ جائے گی۔ 

اپنے آپ کو جمہوریت کا چیمپئین کہنے والا بھارت انسانیت کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہاکہ پاکستانیوں نے آزادی پاکستان کی خوشی میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر کے کشمیریوں کے حوصلے بلند کیے ہیں اور بھارت کے یوم آزادی پر یورپ بھر میں یوم سیاہ منا کر بھارت کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کو سلب کر کے آزادی کا جشن نہیں منا سکتا ۔

کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ہے، فوجی طاقت اور دہشگردی اور قتل عام عالمی معاہدوں اور قوانین کی خلاف ورزی کرکے اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔ جنگ کی دھمکیاں اور کرفیو نافذ کر کے کشمیریوں کی جدوجہد اور حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے، کشمیری ستر سال سے اس طرح کے حالات سے گزر رہے ہیں اور ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا ہے ۔بھارت نے اگر ہوش کے ناخن نہ لئے تو پھر حالات کا ذمہ دار بھارت خود ہوگا۔

تقریب سے چوہدری طلح دین اور ظہیر یونس نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ انسانیت کا قتل برداشت نہیں ۔بھارت انسانیت کا قتل کرنے کے لیے خطرناک قسم کے ہتھیار بنا رہا ہے جس کا تجربہ وہ معصوم کشمیریوں ہر کرتا ہے۔ سابق چیئرمین مسلم ریسور س سینٹرچوہدری یونس اور پیر شفقت دیوان حضوری ایڈوکیٹ کی تقریر کے دوران شرکاء نے خاصی اپنائیت کا اظہار کرتے ہوئےڈیسک اور تالیاں بجا کر اپنے جوش اور ولولے کا اظہار کیا۔ 

تازہ ترین