• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمیش کمار کا ’کرشنا کا جنم دن‘ یومِ یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان


پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی رمیش کمار نے ہندو برادری کی مقدس شخصیت کرشنا کے جنم دن کو یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد سے جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں رمیش کمار کا کہنا ہے کہ اسی سلسلے میں کل رحیم یار خان میں کرشنا کا جنم دن منا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 31 اگست کو ہندو برادری کی دعوت پر سندھ کے شہر عمر کوٹ میں جلسے سے خطاب کریں گے۔

رمیش کمار کا کہنا ہے کہ ہندو برادری کا صادق آباد میں اجتماع ہو رہا ہے اور سرحد کے پار مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں عید کی نماز تک ادا نہیں کرنے دی گئی، اس ظلم پر بہت دکھی ہوں۔

رکنِ قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر انسانی حقوق کی تنظمیں اور عالمی برادری کہاں ہیں؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں ہندو ’کرشنا کا جنم‘ دن کتنی آزادی سے مناتے ہیں، دنیا اور بھارتی حکمران خود دیکھ لیں، معمولی ایشوز پر پاکستان کے خلاف بولنے والی انسانی حقوق کی تنظیمیں اب بھی موازنہ کریں۔

تازہ ترین