کنگز کپ سیپک ٹاکرا ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پاکستانی دستہ پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نوشاد احمد کی سربراہی میں تھائی لینڈ کے شہر بنکاک پہنچ گیا۔ چیمپئن شپ کا آغاز 25 اگست سے ہوگا۔
چیمپئن شپ میں دنیا کی 45 سے زائد ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ عراق، افغانستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پہلی بار ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کررہی ہیں۔ پاکستان کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں ایونٹ کے مختلف مقابلوں میں شرکت کررہی ہیں۔
چیمپئن شپ میں مردوں کے چار جبکہ خواتین کے تین ایونٹس ہورہے ہیں۔ پاکستان کی مردوں کی ٹیمیں ہوپ، ریگو اور ٹیم ایونٹ میں جبکہ خواتین کی ٹیمیں ڈبل ریگو اور ٹیم ایونٹ میں مقابلہ کریں گی۔
پاکستانی مینز ٹیم کے منیجر سردار محمد خان، کوچز ہید کوچ شبیر ،کوچ عارف وحید ہیں جبکہ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، محمد خالد، شاکر ، محمد منہاج خان علی سیف سنجرانی حارث احمد خان، عزیز شبیر، معراج احمد شامل ہیں۔
ویمن ٹیم کے منیجر ڈاکٹر عارف وحید، کوچ محمد سلیم اور صمد خان جبکہ کھلاڑیوں میں ریحانہ آصف، مریم انور بٹ، ثمرین ناز، نرمینہ علی اکبر، وجیہ خان، نصرت افضل، عشرت عامر، طاہرہ یاسمین، کنول یوسف، کرن صبا، نورین جمیل شامل ہیں۔
تھائی لینڈ کے سب سے بڑے اسپورٹس ایونٹ کی رنگا رنگ تقریب میں تھائی لینڈ کے بادشاہ کے نمائندہ خصوصی گھنٹہ بجا کر اور بادشاہ کا پیغام پڑھیں گے۔