امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں پاکستانی امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما طاہر جاوید نے آزاد جموں وکشمیر کےامریکہ میں مقیم کشمیری خاندانوں کے ساتھ ہیوسٹن میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں کے درمیان ہونے والے صدارتی مباحثے سے ایک روز قبل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین ٹام پیریز سے ملاقات کا اہتمام کیا۔
انھوں نے اس موقع پر چیئرمین ٹام پیریز سے درخواست کی کہ وہ صدارتی مباحثوں میں پارٹی کی جانب سے مسئلہ کشمیر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملات کو اٹھائیں اور اسے زیر بحث لایا جائے۔
اس موقع پر ہیوسٹن کے میئر سلویسٹر ٹرنر پارٹی کے وائس چیئرمین جمی ہیریسن بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین ٹام پیری نے اس موقع پر کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔
ہمیں اس کے بارے میں بات ضرورکرنا چاہئے اور دنیا میں انسانی حقوق کے جو مسائل موجود ہیں ان سے نمٹنے کے لیے ہمیں نئے صدر کی ضرورت ہے۔ طاہر جاوید نے مسئلہ کشمیر کے بارے میں بھی بھر پور انداز میں بات کی اور پارٹی قیادت کو کئی نکات سے آگاہ کیا۔