• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا نارملائزیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ کو لاہور میں ہوگا

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات کی دُرستی کے لیے فیفا نارملائزیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس کل لاہور میں ہوگا۔ حمزہ خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے ممبران رواں ہفتے ہی، پی ایف ایف کا انتظامی کنٹرول سنبھال لیں گے۔

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے گزشتہ دنوں پاکستان فٹبال میں نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کیا تھا۔ پانچ رکنی کمیٹی کی سربراہی کراچی یونائٹیڈ کے سابق فٹبالر حمزہ خان کررہے ہیں، حمزہ خان نے منگل کو کراچی میں فیفا ممبرز ایسوسی ایشن گورننس منیجر الیگزینڈر گراس سے بھی ملاقات کی۔

جیو نیوز سے گفت گو میں حمزہ خان نے بتایا کہ بدھ کو کمیٹی کا پہلا اجلاس لاہور میں ہورہا ہے، جس میں ابتدائی معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

فیفا نے فٹبال فیڈریشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ 20 ستمبر سے قبل اکاؤنٹس اور دفتر نارملائزیشن کمیٹی کے سپرد کردے، امکان ہے کمیٹی اس ہفتے ہی پی ایف ایف کا انتظامی کنٹرول سنبھال لے گی۔

حمزہ خان کا کہنا تھا کہ فیفا نے ان کو مینڈیٹ مکمل کرنے کے لیے نو ماہ کا وقت دیا ہے اور وہ اس ہی کو مدنظر رکھتے ہوئے روڈ میپ بنائیں گے۔ امکان ہے کہ پہلے مرحلے میں کلبز کی اسکروٹنی کا عمل شروع ہوگا۔

ایک سوال پر حمزہ خان نے کہا کہ وہ مکمل غیر جانبدار ہیں، کراچی یونائٹیڈ سے وہ کھیلے ضرور ہیں لیکن کلب کے کسی عہدیدار کے فیصل صالح حیات سے تعلقات سے ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

حمزہ نے کہا کہ ان کی ترجیح صرف پاکستان فٹبال کو بہتر کرنا ہے۔

تازہ ترین