• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

برطانوی شاہی جوڑے کی صدر، وزیراعظم سے ملاقاتیں، اسکول کا دورہ، رکشا میں سفر

اسلام آباد (ایجنسیاں) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی شہزادہ ولیم کی اپنی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ میڈلٹن کے ہمراہ صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں ‘ اسکول کا دورہ ‘بچیوں سے مصافحہ اوربات چیت ‘رکشے میں سفر کیا‘شاہی جوڑے نےمرگلہ ہلز اور یادگار پاکستان کا بھی دورہ کیا۔

برطانوی شاہی جوڑے کی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں

تفصیلات کے مطابق عمران خان سے برطانوی شہزادہ ولیم نے اپنی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ میڈلٹن کے ہمراہ وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی‘عمران خان نے منگل کو وزیر اعظم ہاؤس آمد پر برطانوی شاہی جوڑے کا پر تپاک استقبال کیا۔

وزیر اعظم سے ملاقات تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔ شاہی جوڑے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لیڈی ڈیانا سے پاکستانی عوام کے والہانہ محبت کی یاد دلا دی۔

شہزادہ ولیم نے اس موقع پر کہا کہ برطانیہ پاکستان کو انتہائی اہم ملک تصور کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے بعد ازاں شاہی جوڑے کے اعزاز میں ایک ظہرانہ دیا۔

علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ڈیوک و ڈچز آف کیمبرج شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ شاہی جوڑے نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور غربت کے خاتمے کے لئے حکومت پاکستان سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

دریں اثناء شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے لڑکیوں کے ایک ماڈل اسکول کا دورہ کیا۔ شاہی جوڑے نے بچیوں کے ساتھ مصافحہ کیا اور ان کے ساتھ گفتگو بھی کی‘اس دوران شاہی جوڑے نے کالج کے مختلف حصے دیکھے۔

بعدازاں شاہی جوڑا مارگلہ ہلز پہنچا اور دلکش نظاروں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

تازہ ترین