• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عقیدہ توحید ایمان کی بنیاد اور سنت رسولؐ اعمال صالحہ کی روح ہے، مولانا رفیق صوفی

ہڈرز فیلڈ (پ ر) جمعیت علماء برطانیہ یارکشائر کی سالانہ مقصد میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس جامع مسجد بلال ؓہڈرز فیلڈ میں زیر صدارت مولانا سید اسد میاں شیرازی امیر جمعیت منعقد ہوئی جس میں بچوں نوجوانوں بزرگوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر 2 بچوں اور 1بچی نےحفظ قرآن کریم مکمل کرنے کی سعادت بھی حاصل کی۔حافظ معاذ جنید نے تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کی حمدونعت منقبت صحابہ کرام و اھلبیت پر منظوم کلام مولانا محمد اکرم اوکاڑوی نے پیش کیا۔ مرکزی ناظم نشرواشاعت مولانا قاری عبدالرشید نے سالانہ مقصد میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس کے انعقاد پر جمعیت علماء برطانیہ یارکشائر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان کا تعلق اپنے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پرہونا چاہئے نہ کہ سالانہ،حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر خیر ماہ وسال لیل و نہار کا محتاج نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالٰی نے زمین و آسمان جن و انسان کو بے مقصد نہیں بنایا اسی طرح انبیاء کرام علیہم السلام کا مبعوث ہونا اور آخر میں امام الانبیاء، خاتم المعصومین، رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف لانا آپؐ کے اس میلاد کا بھی خاص مقصد تھا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم مسلمانوں کو مقصد میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم بتائی اور سمجھائیں تاکہ ان کے ایمان و عمل کی اصلاح ہوسکے۔ مہمان خصوصی مولانا محمد رفیق صوفی استاد دارالعلوم بلیک برن نے انگریزی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ توحید ایمان کی بنیاد اور سنت رسولؐ اعمال صالحہ کی روح ہے۔ مقصد میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم یہ ہے کہ انسان اپنے حقیقی خالق و مالک اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی ذات و صفات پر ایسے ایمان لائیں جس طرح رب العزت چاہتے ہیں اور اللہ تعالی کو اس کی مرضی کے مطابق منوانے کے لیئے ایک لاکھ سے زائد نبی و رسول اس دنیا میں بھیجے گئے۔ مولانا رفیق صوفی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو تلقین کی کہ اللہ تعالٰی کو اس کی ذات و صفات میں وحدہ لا شریک مانیں اور حضور اکرم صلی اللہ وسلم سے محبت کرنا سیکھیں اور اپنے بچوں کو بھی سکھائیں۔شرک والے عقائد اور بدعت والے اعمال سے خود بھی بچیں اور اپنی اولادوں کو بھی بچائیں۔ ممتاز محقق و مصنف مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اردو میں خطاب کرتےہوئے کہا کہ مقصد میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے جس طرح سمجھا اور اس پر عمل کیا اب قیامت تک آنے والے مسلمانوں کے لیئے صحابہ کرامؓ کا ایمان و عمل معیار حق بن کر ایک کسوٹی ٹھہرگیا ہے۔دین اسلام حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے صحابہؓ نے سیکھا اور آگے پہنچایا وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے عملی عقیدت و محبت بھی کرکے زمانے کو دکھا گئے۔مسلمان صحابہ کرامؓ کی پیروی میں زندگی گزاریں۔دین اسلام کامل ومکمل ہے اس میں اپنی طرف سے کمی و زیادتی کا اختیار کسی کو بھی حاصل نہیں۔مولانا رنگونی نے مزید کہا کہ ماہ ربیع الاول میں مسلمان نشو و نما اور فضول خرچی کی بجائے اعمال پر توجہ دیں ۔اسلام نے بطور تہوار سال میں صرف دو عیدیں عید الفطر اور عید الاضحی دی ہیں جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے خود پڑھیں اور صحابہؓ کو پڑھائیں۔ اسی طرح اپنی ولادت کے دن ہر سوموار کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے روزہ رکھا۔انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام کی اولین ذمے داری ہے کہ وہ اپنا فرض منصبی نبھائیں اور لوگوں کے عقائد و اعمال کی اصلاح کریں *مہمان خصوصی نے تمام شرکاء کانفرنس کو اپنے گناہوں سے استغفار کرنے اور گناہوں سے بچنے کی خصوصی طور پر متوجہ کیا۔استاد قمرالدین نے انگریزی میں رویت ہلال کے مسئلہ پر ایک خصوصی پروگرام دکھایا۔مولانا محمد اکرم سیکرٹری جنرل جمعیت علماءبرطانیہ نے اپنے خطاب میں خطیب ایشیاء و یورپ مولانا عبدالحمید وٹو کے انتقال پر ان کی خدمات پر روشنی ڈالتے ھوئے ان کو خراج عقیدت پیش کیا ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی ۔انہوں نے ایک قرارداد کے ذریعے کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی حکومت کے ان پر مظالم کی شدید مذمت کی ۔پاکستان میں جاری آزادی مارچ کی کامیابی اور مولانا فضل الرحمٰن کی حفاظت اور نیک مقاصد میں کامیابی کی دعا کی گئی ۔

تازہ ترین