• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان 27 بین الاقوامی کنونشنز پر عملدرآمد کرنے کی بھر پور کوشش کر رہا ہے، عبدالرزاق دائود

وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ مسائل کے باوجود پاکستان 27 بین الاقوامی کنونشنز پر عملدرآمد کرنے کی بھر پور کوشش کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دو روزہ دورہ برسلز کے آخری روز یورپین پارلیمنٹ برسلز میں جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کو لے کر یہاں ملاقاتوں میں سب کا رویہ مثبت تھا، لیکن ان سے بچوں کی مزدوری اور لیبر لاز پر عملدرآمد کے حوالے سے سوالات کیے گئے جس کے جواب میں انہوں نے حکومت پاکستان کا موقف اپنے سننے والوں تک پہنچایا۔

رزاق دائود نے کہا کہ میں نے یہاں لوگوں کو بتایا کہ حکومت پاکستان ملک میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے جاری پروگرامز کے علاوہ یونیسیف سے مل کر ایک پروگرام شروع کرنا چاہ رہی ہے حکومت وسائل کی کمی کے باوجود اسے سنجیدگی سے لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ سماجی ترقی اور اصلاح کا ہر پروگرام ہمارے اپنے مفاد میں ہے اسی لیے ملک میں اصلاحاتی ایجنڈا زور و شور سے جاری ہے۔

مشیر تجارت نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ یہاں لوگوں کو یہ بھی بتایا کہ مجبوری کے تحت کام اور مزدوری کرنا چوری اور جرم کرنے سے بہتر ہے، کیا آج سے 5 دہائیاں قبل یورپ میں چائیلڈ لیبر نہیں تھی ؟ لیکن ہر آنے والے سال میں یہ کم ہو رہی ہے۔

عبدالرزاق دائود نے کہا کہ جی ایس پی پلس سے یک طر فہ نہیں بلکہ دو طرفہ فائدہ ہوا ہے، اس سکیم کے ذریعے گزشتہ 5 سال کے دوران 50 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اپنے دورئہ ڈیووس کے متعلق انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا ساز گار ماحول بن رہا ہے اور سرمایہ کار اس طرف متوجہ ہورہے ہیں۔

رزاق دائود نے مزید آگاہ کیا کہ وہ کل افریقی ملک نیروبی جارہے ہیں جہاں"Look Africa" نامی عنوان کے تحت پاکستان سے 150 سے زیادہ تاجر اپنے خرچ پر وہاں آرہے ہیں، جہاں 200 سے زائد مقامی تاجروں کی ان سے ملاقات ہوگی۔

حکومت افریقہ کی تجارتی منڈیوں تک رسائی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے جہاں پاکستان میں بننے والی روایتی چیزوں کے علاوہ دیگر مصنوعات کو بھی متعارف کروایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ واپسی پر ان کی وزیر اعظم سے ملاقات ہوگی اور وہ انہیں تمام تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

دوسری جانب مشیر موصوف کے ساتھ دورے پر آئے ہوئے وزارت کے ایڈیشنل سیکرٹری نے بتایا کہ پاکستان افریقہ میں نئی تجارتی اسٹریٹیجی اپنا رہا ہے۔

وہاں اب مختلف ملکوں میں 4 کی بجائے 10 ٹریڈ آفیسر تعینات کئے جائیں گے، ان تمام ملاقاتوں میں بیلجیئم لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لیے سفیر پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ، اکنامک منسٹر عمر حمید اور دیگر سفارتی افسران نے مشیر تجارت کی معاونت کی ۔

تازہ ترین