لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)جب کوئی پیار سے بلائے گا،تم کو ایک شخص یاد آئے گا،سمیت درجنوں لازوال گیتوں کی موسیقی ترتیب دینے والے نامور موسیقار ایم اشرف کو دنیا سے رخصت ہوئے 13برس ہوگئے۔ درجنوں سریلی اور سدا بہار دھنوں کے خالق موسیقار ایم اشرف ماسٹر عنایت اور ماسٹر عبداللہ کے بھانجے اور موسیقار اختر حسین کے شاگرد تھے۔انہوں نے بطور میوزک ڈائریکٹر شباب کیرانوی کی فلم سپیرن سے اپنے کام کا آغاز کیا اور آنے والے پ45 برس تک مسلسل اردو اور پنجابی فلموں کے لیے ہر طرح کے گانوں کی موسیقی مرتب کرتے رہے۔ ایم اشرف نے فلمی موسیقی کے تمام تقاضوں کو پورا کیا۔ ایم اشرف نے اپنے 45سالہ کیریئر میں 400فلموں کی موسیقی دی اور 2800کے قریب فلمی گانے کمپوز کیے ان کی مشہور فلموں میں اناڑی،تم ہی ہو محبوب میرے،فسانہ دل اور دیگر شامل ہیں۔انہوں نے ہی شوکت علی،ناہید اختر، نیرہ نور،رجب علی،اسد امانت علی خاں اور دیگر گلوکاروں کو متعارف کروایا۔60اور 70کے عشروں میں ایم اشرف مصروف ترین موسیقار تھے اور اسی عرصے کے دوران انہیں ایک درجن سے زیادہ ایوارڈ ملے۔سینکڑوں فلموں کی موسیقی ترتیب دینے والے یہ نامور موسیقار 4فروری 2007میں مداحوں سے بچھڑ گئے،مگر ان کی ترتیب کردہ موسیقی آج بھی کانوں میں رس گھولتی ہے۔