• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوروناوائرس پرتحقیق کررہےہیں،کوئی کیس سامنے نہیں آیا، ماہرین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں کورونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تاہم اس بیماری پر مسلسل تحقیق جاری ہے اور ریکارڈ اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ اس کی روک تھام کی جا سکے۔ان خیالات کا اظہار ماہرین صحت نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ کنٹنیوڈ میڈیکل ایجوکیشن کے تحت منعقدہ آگہی پروگرام میں کیا۔جس میں یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول اور جے ایس ایم یو لیبارٹری کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نائلہ طارق ،ڈاکٹر راحت ناز نے بھی شرکت کی۔ فیملی میڈیسن ڈپارٹمنٹ کی ڈاکٹر عائشہ عنبرین نے بتایا کہ یہ وائرس صرف اور صرف چین میں اٹھانوے فیصد اور باقی دو فیصد مختلف ممالک میں موجود ہے جبکہ پاکستان میں اس وائرس کی سرکاری سطح پر کسی تشخیص کا اعلان نہیں کیا گیا ۔اس بیماری کی انتہائی علامات میں سانس لینے میں دشواری،نمونیا اور گردے کا فیل ہو جانا شامل ہیں۔یہ متاثرہ شخص کے کھانسنے، چھینکنے یا کسی دوسرے شخص سے مصافحہ کرنے سے پھیلتی ہے۔متاثرہ شخص سے تین سے چار میٹر دور افراد اس وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔انہوں نے اس بیماری سے بچاؤ کے طریقوں میں بتایا کہ ہمیشہ اچھی طرح ہاتھ دھوئیں، کھانستے وقت رومال اپنے منہ پر رکھنے سے آپ کے ہاتھ اس وائرس سے محفوظ رہتے ہیں اور دوسروں کو منتقل نہیں ہوتے ۔ایسوسی ایٹ پروفیسر شیراز شیخ نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مرغی اور مچھلی کے گوشت سے اس بیماری کا کوئی تعلق نہیں۔
تازہ ترین