• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ یو اے ای میں تقاریب کا انعقاد

’یوم یکجہتی کشمیر‘ جس طرح جوش وخروش اور جذبے سے پاکستان میں منایا جاتا ہے۔اسی طرح متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی و کشمیری بھی مل کر مناتے ہیں۔ اس مرتبہ بھی سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی اور قونصلیٹ دبئی میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ابوظہبی میں منعقد ہونے والی تقریب کی صدارت ناظم الامور سفارت خانہ پاکستان محمد سعید سرور نے کی۔ جس میں ہر مکتبہ فکر اور سیاسی جماعتوں کے قائدین اور ورکرز نے شرکت کر کے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا ۔ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔ 

’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ یو اے ای میں تقاریب کا انعقاد
پاکستانی طالبات قومی وکشمیری نغمے پیش کررہے ہیں

بڑی اسکرین پر شرکائے تقریب کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور بربریت کی فلم بھی دکھائی گئی۔ صدر و وزیراعظم پاکستان کے کشمیریوں کے نام پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ناظم الامور محمد سعید سرور نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی جدوجہد کے لئے اپنی اخلاقی سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔ آج یہاں شرکاء اور بچوں کا جوش و خروش دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ ہماری منزل دُور نہیں ہے۔ 

قوموں کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں۔ جنہوں نے بھی اپنے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کی ان کو کبھی شکست نہیں ہوئی۔ محمد سعید سرور نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کے مصائب کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔ جو مسلسل بھارتی مظالم کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ پاکستانی عوام بھی اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ وہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے لئے اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔

’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ یو اے ای میں تقاریب کا انعقاد
شرکائے تقریب انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کرکشمیریوں سے اظہار یک جہتی کررہے ہیں 

سفارت خانے میں بروشر، پوسٹر اور کتابچے بھی تقسیم کئے گئے ،جن پر بھارتی افواج کے مظالم کی داستانیں رقم کی گئیں تھیں ۔پاکستان اسکول کے طلباء و طالبات نے کشمیری و قومی نغمے بھی سنائے۔ بچوں نے تقاریر بھی کیں۔ اختتام پر شہدائے کشمیر کی بلندی درجات اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ یو اے ای میں تقاریب کا انعقاد
سامعین کا گوشہ

پاکستان قونصلیٹ دبئی میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں پروگرام کی صدارت قونصل جنرل احمد امجد علی نے کی۔ جس میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سیاسی و سماجی رہنمائوں اور خواتین و بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین میں صدر پاکستان پیپلز پارٹی یو اے ای سردار یعقوب جاوید، راجہ مہتاب اشرف صدر مسلم لیگ (ن) راجہ عبدالجبار، رہنما تحریک انصاف سردار عمران، صدر مسلم کانفرنس چوہدری سکندر، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) یو اے ای عبدالوحید پال، صاحبزادہ فضل رسول، فاروق بانیاں، میاں منیر ہانس، محمد علی، ایاز کیانی، اشفاق مغل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، بین الاقوامی برادری کی خاموشی لمحہ فکر ہے گزشتہ6 ماہ سے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے۔

’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ یو اے ای میں تقاریب کا انعقاد
قونصل جنرل دبئی احمد امجد علی خطاب کررہے ہیں

انٹرنیٹ اور دیگر سہولیات بند ہیں ادویات ختم اور انسانوں کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک ہو رہا ہے، ہندوستانی فوج ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ بین الاقوامی برادری نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں بھارت پر دبائو ڈالا جائے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا حق دیا جائے، کشمیری اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں۔ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیری متحد ہو جائیں ایک قوم بن کر کشمیر کی آزادی کی بات کریں۔ وہ دن دُور نہیں جب کشمیر آزاد ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان نے مودی فاشزم کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا۔

’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ یو اے ای میں تقاریب کا انعقاد
ناظم الامورسفارت خانہ پاکستان محمد سعید سرورخطاب کررہے ہیں

قونصل جنرل آف پاکستان احمد امجد علی نے کہا ہم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔سیاسی، سفارتی اور اخلاقی محاذ پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ تمام تر ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو بھارتی فوج سرد نہ کر سکیں۔ ہندوستان کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں۔ پاکستان، بھارت کو بے نقاب کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ کشمیریوں کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ 

ہمارے قدم کشمیریوں کے ساتھ چلتے ہیں اور ہمیشہ شانہ بشانہ چلیں گے۔ آخر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے زنجیر بنائی گئی۔ قونصلر مصور حسین نے اظہار خیال کیا۔ شیخ وہاب قونصلر پاسپورٹ و عاشق حسین شیخ کے علاوہ سردار بشیر خان، ساجد اقبال عباسی، راجہ محمد عاشق خان، راجہ شہباز، چوہدری ناصر محمود، خادم شاہین، ڈاکٹر شفقت محمود نے بھی شرکت کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض جمیل سلطانی نے بخوبی سرانجام دیئے۔ آخر میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تازہ ترین