گذشتہ کئی برسوں سے پاکستان کےمتعدد شہروں میں بسنت منانے پر پابندی عائد ہے ،تاہم سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اپنا یہ شوق پورا کرنے کے لیے ریاض اور الخبر میں ہرسال بسنت میلے سجاتے ہیں۔پتنگ بازی کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے خاص طور پر الخبر میں دمام، دہران، الجبیل، ریاض، الحساء اور جدہ سے بھی پاکستانیوں کی بڑی تعداد ہر سال جوش و خروش سے شرکت کرنے کے لیے پہنچتی ہے۔گذشتہ 40 سال سے زیادہ عرصے سے الخبر میں اس بسنت میلے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
اس مرتبہ بھی ہاف مون بیچ کے گراونڈ پر اس میلے میں ہزاروں پاکستانیوں کے علاوہ دیگر ممالک کے افراد نے بھی شرکت کی اور لطف اندوز ہوئے۔الخبر کائٹ کلب کے نگران شاہزیب بھٹی نے متظمین کو بسنت میلے کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔اس موقعے پر پتنگ بازی کے لیے ڈور، چرخیاں اور مختلف سائز میں رنگ برنگی خوبصورت پتنگیں خصوصی طور پر پاکستان سے منگوائی گئی تھیں۔ بچوں، نوجوانوں، خواتین اور بزرگوں نے بہت بڑی تعداد میں اس میلے میں شرکت کی۔ شرکاء کے لیے کھانے پینے کاانتظام بھی کیا گیاتھا۔
بچوں کے کے لیے تفریحی پروگرام اور خصوصی کھیلوں کا انتظام بھی تھا۔الخبر کے ہاف مون بیچ کے قریب رنگ برنگی پتنگوں سے آسمان سجا اور فضا بو کاٹا کے نعروں سے گونجتی رہی۔پاکستانیوں کے علاوہ سعودی باشندوں نے بھی اس میلے کے دوران ہونے والے پتنگ بازی کے مقابلوں میں دلچسپی کا اظہار کیا اور بھرپور حصہ لیا۔میلے کی سالگرہ کی مناسبت سے 45 پونڈ وزنی کیک بھی کاٹا گیا۔دمام کے شاہین کائٹز کلب کے صدر استاد دانی مہر اور دیگر نے بھی اپنی ٹیم کے ساتھ شرکت کی اور انتظامات میں الخبر کائٹ کلب کا بھرپور ساتھ دیا۔