رپو ٹ ،مشرف خان ،میامی ،امریکا
گزشتہ ہفتے ساؤتھ فلوریڈا میں 2016 کےامریکی انتخابات میں شہرت پانے والے پاکستانی نژاد امریکن خضر خان نے ایک مقامی تنظیم Emgage USA کی دعوت پرتقریب میں شرکت کی،
جس میں مقامی میئر ،کمشنرز، سٹی مینجرز، مقامی عمائدین کے علاوہ 2020 کے امریکی انتخابات کی تیاری میں مصروف مقامی ڈیموکریٹک امیدوار امتیاز محمد جو کہ ایک امریکی پاکستانی مسلمان کی حیثیت سے امریکی کانگریس کا انتخاب لڑ رہے ہیں،ساتھ ہی رضوان احمد اور صائمہ فاروقی جوکہ فلوریڈا اسٹیٹ کی قانون ساز اسمبلی کا انتخاب لڑرہی ہیں، سے ملاقات کی۔یہ تقریب ایک مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد کی گئی تھی، جس میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں اور عمائدین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان تنظیم کے مقامی سربراہ نوید انجم نے لوگوں کو انتخابات میں بھرپور طریقے سے شرکت اور شمولیت پر زور دیا۔
استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئےخضر خان نے کہا، امریکی نظام تمام امریکیوں کو مساوی حقوق دیتا ہے، جس کی ضمانت امریکی آئین نے واضح طور پر دے رکھی ہے۔ لہذا ہم سب کو بلا خوف و خطر امریکی نظام کا حصہ بننے کے لیے ہر سطح پر انتخابات میں بھرپور شرکت کرنا چاہیے۔
اس موقعے پر انہوں نے مقامی لوگوں پر زور دے کر کہا کہ وہ انتخابات میں نہ صرف لوگوں کی شرکت یقینی بنائیں۔
بلکہ الیکشن میں حصہ لینے والوں کی بھر پور مدد کے ساتھ مالی معاونت بھی کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ آپ کے اپنے امیدوار جیت کر ہر سطح پر قانون سازی کا حصہ بنیں۔تقریب کے آخر میں Emgage USA Florida کی جانب سے عفیفہ کاشف نے مقامی لوگوں کا بھر پور حیثیت سے شرکت کرنے کا شکریہ ادا کیا۔