• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا: خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت، آزادکشمیر میں لاک ڈاؤن جاری

کورونا: خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت، آزادکشمیر میں لاک ڈاؤن جاری


کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔

لاک ڈاؤن کے باعث تجارتی و کاروباری مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔

پاک افغان سرحد طورخم اور باب دوستی بند ہے، آزاد کشمیر کے داخلی و خارجی راستے بھی بند کر دیے گئے جبکہ گلگت بلتستان کے ضلع نگر میں 4 گاؤں مکمل لاک ڈاؤن کردیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں تمام کاروباری و تجارتی مراکز بند ہیں، تاہم میڈیکل اسٹورز، دودھ دہی، کریانہ، سبزی اور گوشت کی دکانیں کھلی رہیں، ڈیرہ اسماعیل خان، نوشہرہ، سوات، چارسدہ، بنوں، پارا چنار، خیبر، باجوڑ، مہمند، اورکزئی، شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد ہے۔

بلوچستان میں بھی لوگ گھروں میں محدود ہیں، پاک افغان بارڈر چمن آج 24 ویں روز بھی بند ہے۔ حب، خضدار، سبی سمیت تمام شہروں میں بھی تجارتی و کاروباری مراکز بند رہے۔

آزاد کشمیر میں مظفر آباد، میر پور، کوٹلی، باغ، پلندری، راولا کوٹ میں ٹرانسپورٹ، مارکیٹیں اور بازار مکمل طور پر بند ہیں۔

گلگت بلتستان میں لاک ڈاؤن جاری ہے، ترجمان گلگت بلتستان کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ، مارکیٹیں، پٹرول پمپ کے ساتھ ساتھ تمام بینک بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔

ضلع نگر کے چار گاؤں کو مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر کے مطابق ساس ویلی اور نگر خاص کے داخلی راستوں پر جی بی اسکاؤٹ کے 50 جوان تعینات ہیں، یہاں 14 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

تازہ ترین