• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کے بیشتر شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں


ملک کے بیشتر شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، دادو 47 ڈگری کے ساتھ ملک کا گرم ترین شہر ہوگیا ہے۔

نوابشاہ میں 46، سکھر میں 45، حیدرآباد، چھور اور خان پور میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈی جی خان، مٹھی اور تربت میں 40 اور کراچی میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

کراچی میں 5 سے 8 مئی کے دوران ہیٹ ویو کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، سمندری ہوائیں معطل رہنے اور پارہ 42 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی گئی۔


کراچی میں آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والی ہیٹ ویو سے بچاؤ کےلیے طبی ماہرین نے پانی اور مشروبات کا استعمال بڑھانے کی تجویز دے دی ہے۔

رواں ماہ کے لیے محکمہ موسمیات کا آؤٹ لک

محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کے لیے آؤٹ لک  بھی جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق وسطی اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے دو تین سلسلے آئیں گے، میدانی علاقوں میں آندھیاں چلیں گی، ژالہ باری بھی ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش، آندھی اور ژالہ باری سے گندم کی کھڑی فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ جبکہ گندم کی کٹائی کا عمل بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مئی کے دوسرے ہفتے سے دن کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھے گا، ملک کے دیگر علاقوں میں بارشیں معمول کے مطابق ہوں گی۔

پنجاب کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کم رہے گا، جنوبی پنجاب، سندھ اور وسطی بلوچستان میں درجہ حرارت قدرے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب اور سندھ میں کپاس اور مکئی کی فصل کو زیادہ پانی درکار ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت بڑھنے سے برف پگھلنے کا عمل بھی شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں سے ایئر کوالٹی متاثر ہوگی۔

تازہ ترین