• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہین رضا کی پارٹی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں: شبلی فراز

وفاقی وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کہتے ہیں کہ شاہین رضا کی پارٹی کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے پاکستان تحریک انصاف کی رکنِ پنجاب اسمبلی شاہین رضا کے کورونا وائرس کے باعث انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایم پی اے شاہین رضا کی پارٹی کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

شبلی فراز نے دعائے مغفرت کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، آمین

یہ بھی پڑھیئے: پی ٹی آئی MPA شاہین رضا کا کورونا سے انتقال

واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی رکنِ پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد لاہور کے میؤ اسپتال میں انتقال کر گئی ہیں۔

میؤ اسپتال لاہور کے سی ای او ڈاکٹر ا سد اسلم کے مطابق شاہین رضا میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، وہ گزشتہ 3 روز سے میؤ اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔

شاہین رضا کو 17 مئی کو طبیعت خراب ہونے پر ڈی ایچ کیو اسپتال گوجرانوالہ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے بعد میں انہیں لاہور ریفر کر دیا گیا تھا۔

شاہین رضا خواتین کی مخصوص نشست پر ایم پی اے منتخب ہوئی تھیں، ان کی عمر 60 برس تھی۔

یہ بھی پڑھیئے: امریکی رپورٹ نے بھارت کا چہرہ بے نقاب کردیا، شبلی فراز

میؤ اسپتال لاہور کے سی ای او ڈاکٹر اسد اسلم کے مطابق بیگم شاہین رضا بلڈ پریشر اور شوگر کی بھی مریضہ تھیں۔

گوجرانوالہ کے ڈی سی آفس کے مطابق مرحومہ کی تدفین مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں کسی رکن اسمبلی کے انتقال کا پہلا واقعہ سامنے آیا ہے۔

دنیا کے مختلف ممالک میں کئی رکنِ اسمبلی اور سیاستداں کورونا وائرس کی وباء کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔

تازہ ترین