ناروے میں پاکستانی سفارت خانے میں پاکستان کے شاندار مغل ورثے کے 500 سالہ جشن منانے کے حوالے سے خوبصورت ثقافتی شام کا اہتمام کیا گیا۔
پہلے مرحلے میں سنیما ٹکٹ ہاؤس میں پاکستان کے مغل ورثے پر خصوصی مختصر فلموں، پینل ڈسکشن اور دوسرے مرحلے میں استقبالیہ کے ساتھ فن پاروں کی نمائش اور لائیو میوزک پرفارمنس کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں سفارت کاروں، نارویجن اور پاکستانی پارلیمنٹیرین، سینئر سیاست دانوں، میڈیا کے نمائندوں اور دیگر افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔
پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خصوصی ثقافتی پروگرام میں شرکت پر آپ کو خوش آمدید کہتی ہوں، یہ بہت خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی شرکت ناصرف پاکستان کے ساتھ آپ کی دوستی کی عکاسی کرتی ہے بلکہ ثقافت، تاریخ اور مشترکہ انسانی ورثے کی پائیدار طاقت کے لیے آپ کی تعریف بھی کرتی ہے۔
سعدیہ الطاف قاضی نے جنگ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر بسنے والے پاکستانی 50 سال پہلے ناروے آئے تھے، ناروے پارلیمنٹ میں پاکستان ناروے فرینڈشپ گروپ بنا ہے جو کہ اب فرینڈ آف پاکستان ہے، ان کو پاکستانی کلچر سے روشنانس کرانا تھا۔