اسلام آباد (وقائع نگار) سابق سینیٹر پاکستان پیپلز پارٹی سحر کامران نے حکومت پاکستان سے استدعا کی ہے کہ سنتھیا ڈی رچی کی مشکوک سرگرمیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور پاکستان سے ان کی فوری ملک بدری کا عمل یقینی بنایا جائے۔ عوامی جذبات کو بھڑکانے کے حوالے سے ان کے مقاصد کیا ہیں۔ اس حوالے سے سینٹر سحر کامران نے کہا کہ سنتھیا ڈی رچی کے مسلم دنیا کی پہلی وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کے متعلق مذموم تبصرے تیزی سے اشتعال انگیزیوں کا سبب بن رہے ہیں۔ سحر کامران نے کہا کہ یہ مسئلہ انفرادی نوعیت کا نہیں ہے بلکہ اپنے مذموم مقاصد کو سوشل میڈیا کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پھیلا رہی ہیں۔ اس حوالے سے سحر کامران نے سنتھیا ڈی رچی کے حوالے سے سوالات اٹھائے ہیں کہ سنتھیا ڈی رچی پاکستان میں کیوں اور کس حیثیت سے رہائش پذیر ہیں؟ ان کے ویزے کی نوعیت اور مدت کتنی ہے اور پاکستان میں ان کی رہائش کے حوالے سے کون سپورٹ کر رہا ہے۔ پاکستان میں عوامی جذبات کو بھڑکانے کے حوالے سے ان کے مقاصد کیا ہیں۔