• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبات کو ہراساں کرنے کے معاملے پر انتظامیہ تعاون نہیں کررہی، ابتدائی رپورٹ


لاہور کے نجی گرلز اسکول میں طالبات کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے  پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اٹھارٹی کی کمیٹی نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے۔

کمیٹی  نے رپورٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو جمع کرا دی، ابتدائی رپورٹ کے مطابق اسکول انتظامیہ کوئی تعاون نہیں کر رہی ہے۔

ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انگلش میڈیم اسکول نے طالبات اور اسٹاف کا کوئی بھی ریکارڈ نہیں دیا، جبکہ طالبات اور نکالے گئے اسٹاف کو بھی بیانات کے لیے اسکول نہیں بلایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اسکول انتظامیہ کورونا اور سیکریسی کے نام پر کوئی معلومات مہیا نہیں کر رہی۔

یہ بھی پڑھیے: طالبات کو جنسی ہراساں کرنے پر نوٹس 

رپورٹ میں سفارشات پیش کی گئی ہیں کہ نجی اسکول کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

نجی اسکول میں طالبات کو جنسی ہراساں کرنے پر 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنی تھی، تحقیقاتی کمیٹی نے تین روز بعد رپورٹ پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ’جیو نیوز‘ پر خبر نشر ہوئی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ لاہور کے معروف نجی اسکولوں میں طالبات کو جنسی ہراساں کیا جا رہا ہے۔

’جیو نیوز‘ کی اس خبر کا وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزیر شیریں مزاری اور دیگر اعلیٰ حکام کی جانب سے نوٹس لیا گیا تھا۔

طالبات کو ہراساں کرنے پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست

لاہور کے معروف نجی اسکول میں طالبات کو ہراساں کرنے کے معاملے پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمے کے اندارج کی درخواست دے دی۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئر پرسن سارہ احمد کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ نجی سکول میں طالبات کو جنسی ہراساں کرنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے معروف نجی اسکول کی متاثرہ طالبات کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا یہ بھی کہنا ہےکہ متاثرہ طالبات کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

تازہ ترین