کراچی (جنگ نیوز/اسٹاف رپورٹر) لیاری گینگ وار کے ارشد پپو قتل سمیت 16 مقدمات کی سماعت کے دوران عذیر بلوچ نے قتل کی ورداتوں کے اعترافی بیان سے انکار کر دیا، عدالت میں اعترافی بیان سے مکرتے ہوئے عذیر بلوچ نے کہا کہ میں بے گناہ ہوں، کوئی قتل نہیں کیا، میرا کوئی 164 کا بیان قلمبند نہیں ہوا،میرے ساتھ جعل سازی ہو رہی ہے۔جس پر عدالت نے کہا کہ کل کو آپ اس عدالت میں ہونے والے ٹرائل سے بھی انکار کردینگے، کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں لیاری گینگ وار کے ارشد پپو قتل سمیت سولہ مقدمات کی سماعت ہوئی، عزیر جان بلوچ، شاہجہان بلوچ سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے وکیل صفائی کی عدم حاضری کے باعث سماعت جولائی کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔ اسٹاف رپورٹر کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ارشد پپو قتل کیس میں رینجرز پراسکیوٹر نے عذیر بلوچ کا اعترافی بیان کیس کا حصہ بنانے کی استدعا کردی، عدالت نے متعلقہ حکام سے 25جولائی کو پولیس مقابلے میں مارے جانے والے نور محمد عرف بابالاڈلہ کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔