• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں مسلسل نئے کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی ہو رہی ہے، جبکہ اس سے شفایاب ہونے والے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں12 ویں سے 14 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 675 نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، جبکہ مزید 15 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 136 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 14 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 20 ہزار 836 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 872 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 54 ہزار 286 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 22 ہزار 16 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 231 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 93 ہزار 571 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 157 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 34 ہزار 324 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 213 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 122 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 167 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: سندھ میں کورونا کے 311 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، وزیراعلیٰ

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 11 ہزار 780 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 136 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 2 ہزار 218 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 55 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے اب تک 2 ہزار 105 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 55 مریض وفات پا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 ہزار 915 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 20 لاکھ 43 ہزار 870 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

تازہ ترین