یورپین فٹبال لیگ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، تیسرے اور چوتھے کوارٹر فائنل میں سیویا اور شختر ایف سی نے کامیابی حاصل کرلی۔
اسپینش کلب سیویا کےخلاف وولوز کے فارورڈ راؤل جیمی نیز کا پنالٹی مس کرنا ٹیم کو مہنگی پڑگیا، سیویا نے 0-1 سے میچ جیت کر لیگ سے باہر کردیا۔
یوکرائن کے کلب شختر ایف سی نے سوئس کلب باسل کو ہراکر فائنل فور میں جگہ بنالی۔
یورپین فٹبال لیگ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں انگلش کلب وولور ہمپٹن کے فارورڈ راؤل جیمی نیز نے اسپنیش کلب سیویا کے خلاف برتری حاصل کرنے کا موقع ضائع کردیا۔
جیمی نیز نے 12ویں منٹ میں پنالٹی کک مس کرکے سیمی فائنل میں جانے کا سنہرہ موقع گنوا دیا۔
پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ بناسکی، دوسرے ہاف کے آخری لمحات میں سیویا کے لوکاس اوکمپوس نے گیند کو جال میں پہنچا کر ولووز کا سفر ختم کردیا، سیمی فائنل میں سیویا کا مقابلہ مانچسٹر یونائیٹڈ سے ہوگا۔
چوتھے کوارٹر فائنل میں یوکرائن کے کلب شختر ایف سی نے سوئس کلب باسل کو شکست دے دی۔
شختر ایف سی نے آغاز سے ہی سوئس کلب پر دباؤ بنائے رکھا، پہلے ہاف میں دو گول کرکے 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔
دوسرے ہاف میں بھی شختر کی ٹیم چھائی رہی اور مزید دو گول داغ دیے، سوئس ٹیم باسل نے انجری ٹائم میں گول کرکے خسارہ کم کیا لیکن شختر ایف سے نے 1-4 سے جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جہاں اس کا مقابلہ اطالوی کلب انٹر میلان سے ہوگا۔