• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس، یاسمین راشد سے بھی تفتیش ہوگی، فواد چوہدری

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس، یاسمین راشد سے بھی تفتیش ہوگی، فواد چوہدری 


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ کی جب تحقیقات ہوگی تو ڈاکٹر یاسمین راشد سے بھی تفتیش ہونے چاہیے، سابق وزیراعظم نوازشریف کو ایساکوئی مسئلہ نہیں تھا جس کا حل گائنالوجسٹ کے پاس ہو۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کر رہے تھے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارا موقف تھا کہ نواز شریف کو علاج کی سہولت پاکستان کے اندر دی جانی چاہئے، نواز شریف کو باہر علاج کی سہولت ان میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر دی گئیں جن کے مطابق ان کی بیماری کا علاج پاکستان میں نہیں ہے، مسئلہ یہ نہیں کہ رپورٹس میں کیا لکھا ہے بلکہ یہ ہے کہ رپورٹس کیسے بنائی گئیں، ایسا لگ رہا ہے کہ جن رپورٹس کی بنیاد پر نواز شریف کو باہر جانے دیا گیا وہ حقیقی نہیں تھیں، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات ہوں گی تو ڈاکٹر یاسمین راشد بھی اس کا حصہ ہونگی۔

فو اد چوہدری کا کہنا تھا کہ اب تو نواز شریف کے گھر والے بھی نہیں کہتے کہ وہ بیمار ہیں، نواز شریف ٹھیک ہیں تو واپس کیوں نہیں آجاتے،ہمارا نواز شریف سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے، نواز شریف پاکستان کو پیسے واپس کریں اسکے بعد جہاں مرضی رہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد گائناکالوجسٹ ہیں، نوازشریف کو ایسا کوئی مسئلہ نہیں تھا جس کا حل گائنا کالوجسٹ کے پاس ہو، نواز شریف کی ملک میں اور جہاز میں باڈی لینگویج بالکل مختلف تھی، نواز شریف نے لندن پہنچتے ہی کھلنڈرے لڑکے کی طرح سڑکوں پر اٹھکیلیاں کرنا شروع کردیں۔

نواز شریف کی لندن پہنچنے پر ابتدائی میڈیکل رپورٹس میں وہ فائنڈنگز نہیں آئیں جو یہاں آئی تھیں، نواز شریف کے ڈاکٹر عدنان نے لندن سے جو رپورٹس بھیجیں وہ نواز شریف کی حالت کی تصدیق نہیں کرتی تھیں، لندن کی لیبارٹری کی رپورٹس کو پیش نہیں کیا گیا بلکہ ڈاکٹر عدنان کے دستخط سے رپورٹ پیش کی گئی، ہم انتظار کررہے ہیں کہ لندن کی لیبارٹری سے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ آئے۔

تازہ ترین