کابل(شِنہوا)افغانستان کے وزیر مملکت برائے نگرانی آفات وانسانی امور نے کہاہے کہ افغانستان کے 12مشرقی صوبوں میں شدید سیلاب کے باعث کم از کم 122افراد ہلاک، 147زخمی جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔
وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق منگل کی رات سے افغانستان کے مشرقی علاقے میں سیلاب کے باعث122افراد ہلاک اور147زخمی ہوچکے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق تازہ ترین ہلاکتیں مشرقی صوبہ کاپیسا اور اس سے ملحقہ صوبہ پنج شیر میں بدھ کی رات ہوئیں جس میں 10افراد کاپیسا اور3افراد پنج شیر میں ہلاک ہوئے،منگل کی رات سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پروان میں 85افراد ہلاک اور 110زخمی ہوگئے تھے جبکہ صوبائی صدر مقام چاری کار کاکم از کم آدھا حصہ سیلاب سے متاثر ہواتھا۔
نگرانی آفات کے عہدیداراحمد تمیم عظیمی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پروان کے وسطی علاقوں میں بدھ کو رات گئے امدادی سرگرمیوں ختم کردی گئیں جبکہ حکام نے جمعرات کی صبح فوج کی مدد سے امدادی کام دوبارہ شروع کردیا کیونکہ کئی متاثرین تاحال لاپتہ ہیں۔