• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کیسز رپورٹ، بلوچستان میں متعدد اسکول بند


کوئٹہ، گوادر، چمن، ژوب اور لورالائی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کورونا کے کیسز رپورٹ ہونے کےبعد کھلنے والے متعدد اسکول دوبارہ بند کر دیئے گئے ہیں۔

سندھ کے اسکولوں میں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کی پڑھائی 21 ستمبر سے شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت تدریسی سلسلے کا دوسرا مرحلہ طے شدہ پروگرام کے مطابق شروع کرنے کے فیصلے پر قائم ہے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہونے کے بعد متعدد اسکول بند کر دیئے گئے۔

کوئٹہ، گوادر، چمن، ژوب، لورالائی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں کے اسکولوں میں کورونا کیس سامنے آنے کے بعد صوبائی حکومت نے اسکول کھولنے سے متعلق پالیسی پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر وفاقی حکومت چھٹی، ساتویں، آٹھویں جماعتوں کی پڑھائی 21 ستمبر سے شروع کرنے کے فیصلے پر قائم ہے، مگر سندھ کے اسکولوں میں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں کی پڑھائی 21 ستمبر سے شروع نہیں ہوگی ، سندھ کے 89 اساتذہ، غیر تدریسی عملے اور طلباء میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

سندھ حکومت نے صوبے بھر کے اسکولوں میں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں میں پڑھائی 28 ستمبر تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ کلاسز 21 ستمبر سے شروع کی جانی تھیں۔

صوبائی وزیرِ تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اسکولوں کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف میں کورونا کے 89 ٹیسٹ مثبت آنے پر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

وزیرِ تعلیم سندھ کا تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ، ایس او پیز چیک

سندھ، چھٹی تا آٹھویں کلاسز کھولنے کا فیصلہ مؤخر

سندھ کے 2 کالجز کے16 اساتذہ کورونا میں مبتلا، سعید غنی

وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اسکولوں کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، شیڈول سب کی مرضی سے بنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 22 ستمبر کو این سی او سی کے اجلاس میں تعلیمی اداروں سے متعلق جائزہ لیں گے، 23 تاریخ سے چھٹی، ساتویں اور آٹھویں کی کلاسیں شروع کر دیں گے۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پرمزید 13 تعلیمی ادارے بند کیئے جا چکے ہیں، کوئٹہ کے 2 اسکولوں میں 8 بچوں اور پنجاب میں 3 دنوں میں اسکولوں کے 34 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

تازہ ترین