• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا چیئرمین اوگرا کی تنخواہ 15 لاکھ روپے ماہانہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) حکومت نے چیئرمین اوگرا کی تنخواہ میں 150 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ان کی تنخواہ 15 لاکھ روپے ماہانہ ہوجائے گی۔

سابق چیئرمین اوگرا کی ماہانہ تنخواہ 6 لاکھ روپے ماہانہ تھی۔ وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے چیئرمین اوگرا کے عہدے کے لیے دوبارہ اشتہار دینے اور تنخواہ 15 لاکھ روپے ماہانہ کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔

اس حوالے سے پٹرولیم ڈویژن کے حکام کا کہنا ہے کہ تنخواہ کے اضافے سے اوگرا کی کارکردگی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے کیوں کہ اوگرا کے دیگر ارکان کی تنخواہ 6 لاکھ روپے ماہانہ ہے، جب کہ ان کی قابلیت اور تجربہ چیئرمین کے برابر ہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس اقدام سے ادارے کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے۔

دی نیوز کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق، وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ اور احتساب شہزاد اکبر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی نے اوگرا میں رکن آئل کی تقرری کے لیے تین نام انٹرویوز کے بعد شارٹ لسٹ کرکے وفاقی کابینہ کو بھجوائے تھے۔

کابینہ نے ان میں زین العابدین قریشی کا نام سرفہرست رکھا ، دوسرے نمبر پر ضیاالحق مرزا اور تیسرے نمبر پر عاصم نیازی کا نام ہے۔ اس سے قبل چیئرمین اوگرا کے عہدے کے لیے 18 امیدوار شارٹ لسٹ کیے گئے تھے لیکن تمام نام مسترد کردیئے گئے۔

تازہ ترین