• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے علاوہ ملک بھر میں مڈل اسکول کھل گئے


پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آج سے مڈل اسکول کھل گئے، جبکہ سندھ میں چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسیں 28 ستمبر سے شروع ہوں گی ۔

گزشتہ روز این سی او سی اجلاس میں چھٹی تا آٹھویں جماعت کی پڑھائی شروع کرنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد سندھ کے علاوہ ملک بھر میں آج سے دوسرے مرحلے میں اسکول کھول دیئے گئے ہیں ۔

ڈائریکٹر ایجوکیشن بلوچستان کاکہنا ہے کہ صوبے میں کورونا سےمتاثرہ طلباء اوراساتذہ کو 14روز تک قرنطینہ کیا جائےگا اور رپورٹ منفی آجانے کے بعد وہ دوبارہ اسکول آسکیں گے۔

ذرائع کے مطابق ہنزہ میں 9 اساتذہ میں کورونا وائرس کے بعد 3 سرکاری اسکول ایک ہفتے کے لیے بند کر دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب فیصل آباد کے 2 سرکاری اسکولوں کے 3 طلباء میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی تاہم کسی اسکول کو بند نہیں کیا گیا۔

فیصل آباد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی علی احمد سیان نے بتایا کہ اسکولز کھولنے کے بعد مرحلہ وار اسکولوں کے بچوں کے کورونا ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 18 اسکولوں کے 1100 سےزائد طلباء کی رینڈم ٹیسٹنگ کی گئی ہے جس کے دوران 2 سرکاری اسکولوں کے 3 طلباء میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جنہیں ان کے گھروں میں قرنطینہ کی ہدایت کی گئی ہے ۔

پشاور کے سرکاری اور نجی سکولوں میں بھی چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کلاسز شروع کردی گئی ہیں، طلباء اور اساتذہ کے لیے ایس او پیز کی پابندی لازمی ہے۔

اسکول پہنچنے والے طلباء اوراساتذہ کا ٹمپریچر چیک کیا جارہا ہے ماسک کے بغیر اسکولوں میں داخلے پر پابندی عائد ہےجبکہ اسکولوں میں اسمبلی ختم کردی گئی ہے ۔

طلباء کے لیے اسکولوں میں سینی ٹائزر کا بندوبست کیا گیا ہے، سماجی فاصلے کے پیش نظر کلاسز شفٹوں میں تقسیم کی گئی ہیں، اسکولوں میں کینٹین بھی بند کی گئی ہیں ۔

تازہ ترین