• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلستان جوہر، پولیس اور ملزمان کے مابین فائرنگ، ایڈیشنل ایس ایچ او شہید

گلستان جوہر، پولیس اور ملزمان کے مابین فائرنگ، ایڈیشنل ایس ایچ او شہید 


کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہر میں جمعے کی صبح پولیس اور ملزمان کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں ایڈیشنل ایس ایچ او سب انسپکٹر رحیم خان شہید ہوگئے، ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ، تفصیلات کے مطابق سفید کار میں سوار ملزمان نے بینک سے رقم لیکر نکلنے والی گاڑی کے سوار کو خالد بن ولید روڈپر لوٹنے کی کوشش کی اسی دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فیروزآباد پولیس نے ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے گلستان جوہر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد سماما شاپنگ مال کے قریب ، گلستان جوہر پولیس نے پکٹ لگائی، پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کردی، شہید رحیم خان تھانہ گلستان جوہر میں ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات تھے، بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی، ترجمان کراچی پولیس کے اعلامیے کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ رحیم خان ایک بہادر پولیس افسر تھا ہم شہید کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ، واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، پولیس کی مختلف ٹیمیں ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مار رہی ہیں،کراچی پولیس عینی شاہدین جنہوں نے فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان کے زخمی ہونے کی تصدیق کی انکے حوصلے اور جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،کراچی کی عوام سے اپیل ہے کہ اپنے اردگرد نظر رکھیں یہ ملزمان شہر کے کسی بھی علاقے میں موجود ہوسکتے ہیں ، زخمی ہونے کیوجہ سے کسی ڈاکٹر یا ڈسپنسر سے رابطہ کر سکتے ہیں،اگر کسی شہری کو کسی قسم کی معلومات ہو تو فوری مددگار 15 کو اطلاع دیں اور اپنا قومی فریضہ سر انجام دیں، کراچی کے عوام کو یقین دلاتے ہیں پولیس ان کے ساتھ کھڑی ہے اور اسٹریٹ کرائم اور دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے، دریں اثناآئی جی سندھ نے گلستان جوہر میں جرائم پیشہ عناصر سے مقابلے کے دوران سب انسپکٹر کی شہادت پر ایس ایس پی ایسٹ سے تمام تر تفصیلات اور ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سےکئے جانیوالے اقدامات پر مشتمل رپورٹ فی الفور طلب کرلی ہے۔کراچی پولیس کے شہید سب انسپکٹر رحیم خان کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کواٹر میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت سینئیر پولیس افسران نے شرکت کی۔56سالہ شہید سب انسپکٹر رحیم خان کی عمر 56 سال تھی، پسماندگان میں بیوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑیں ہیں۔

تازہ ترین