کراچی میں کھیلوں کے میدان انتظامیہ کی توجہ کے طلب گار ہیں، جہاں ایک گراؤنڈ باڑے میں تبدیل تو دوسرے پر ٹینکر مافیا قابض ہوگیا۔
شہر میں کھیل کے میدانوں پر باڑوں اور ٹینکرز مافیاز کے قبضے نے انتظامیہ کی رٹ کو چیلنج کردیا ہے۔
بلدیہ کورنگی کے کرکٹ گراؤنڈ میں گائے، بکرے اور دنبے ہیں، جس کی وجہ سے میدان باڑے میں تبدیل ہوچکا ہے۔
گراؤنڈ میں گھاس کی جگہ جھاڑیاں اُگ آئی ہیں، جو 3 فٹ تک بڑھ چکی ہیں، جس کے باعث کرکٹ گراؤنڈ جنگل کا منظر پیش کررہا ہے۔
وکٹ اسکوائر مکمل طور پر تباہ ہوچکا، مرکزی عمارت بوسیدہ ہوچکی اور وہاں سے لائٹس اور پنکھے بھی غائب ہیں۔
تسلیم عارف پویلین کھنڈر بن گیا، پریکٹس ایریا اور انڈور پریکٹس ایریا بھی تباہ حال ہے۔
10 سال پہلے 4 کروڑ روپے سے گراؤنڈ کو نیا روپ دیا گیا اور قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کی نگرانی میں گراؤنڈ بنایا گیا تھا۔
ایک سال پہلے گراؤنڈ راشد لطیف سے واپس لے کر بلدیہ کورنگی کو دیا گیا تھا اور اب یہ جانوروں کے باڑے میں بدل چکا ہے۔
ادھر گلشن اقبال بلاک 6 کے کرکٹ گراؤنڈ پر کئی سال سے ٹینکر مافیا کا قبضہ ہے جبکہ میدان میں بچوں کے کھیلنے کا کوئی انتظام ہی نہیں ہے۔
گلشن اقبال کا یہ میدان چند روز قبل خالی کروالیا گیا تھا لیکن تھوڑے دن بعد وہاں دوبارہ ٹینکرز کھڑے ہونا شروع ہوگئے ہیں۔