حکومت گرانے کے لیے بننے والے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پہلے جلسے کا مقام تبدیل کردیا گیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے پی ڈی ایم کے جلسوں کا شیڈول جاری کردیا۔
پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو ہوگا، جبکہ پی ڈی ایم کا دوسرا جلسہ کراچی میں 18 اکتوبر کو ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو پی ڈی ایم کا سیکرٹری جنرل مقرر کردیا گیا ہے، جبکہ راجا پرویز اشرف کو اپوزیشن اتحاد کا نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس کی صدارت احسن اقبال نے کی۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے خلاف پورے ملک میں احتجاجی جلسے کرے گی۔
اجلاس میں اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، مریم اورنگزیب بھی موجود تھے۔
پی ڈی ایم کے اجلاس میں میاں افتخار، مولانا غفور حیدری، اکرم درانی، شاہ اویس نورانی بھی موجود تھے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک نے 16 دسمبر کو گوجرانوالہ اور 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں جلسےکا فیصلہ کیا ہے۔