• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان آج نواز شریف، شہباز شریف کی پیروی پر مجبور ہیں، عظمیٰ بخاری

اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آج عمران خان، نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں کی پیروی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبے خالصتاً عوامی مفاد کے تھے۔

انہوں نے کہا کہ چوہان صاحب کے وزیراعظم کا مشن ایک کروڑ نوکریاں دینا بھی تھا لیکن انہوں نے 2 سال میں 1 کروڑ 10 لاکھ سے زائد نوجوان بیروزگار کردیے ہیں۔


ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے مزید کہا کہ نواز شریف حکومت نے سب سے پہلے نوجوانوں کو 20 لاکھ تک بلاسود قرضے فراہم اور لاکھوں ذہین طلبہ میں مفت لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی صوبائی حکومت نے بیروزگار افراد کو آسان اقساط پر گاڑیاں تقسیم کیں۔

عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ماضی میں ایسے منصوبوں کے شدید ناقد رہے ہیں، مگر آج وہ ن لیگی قیادت کے منصوبوں کی پیروی کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ہر منصوبہ اپنے فنانسرز اور پارٹی فنڈنگ کرنے والوں کے لئے ہے، خان صاحب نے مہمند ڈیم کے ٹھیکے سے لے کر ادویات کی قیمتیں بڑھانے تک ہر کام میں اپنے سہولت کاروں کو فائدہ پہنچایا۔

ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے مزید کہا کہ عمران خان ماضی میں کہتے رہے ہیں سیاست اور کاروبار ایک ساتھ نہیں چل سکتے، آج ان کے ہر وزیر، مشیر اور اے ٹی ایم کو فائدہ پہنچانے کے لئے نئے نئے منصوبے لانچ کئے جارہے ہیں۔

تازہ ترین