• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان: کورونا وائرس کے 76 مریض وینٹی لیٹر پر زیرِ علاج

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 22 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 583 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے، مزید 9 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 1 ہزار 87 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے، جبکہ 76 مریض وینٹی لیٹر پر زیرِ علاج ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 16 ہزار 934 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 544 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 8 ہزار 15 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 497 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 2 ہزار 375 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 39 ہزار 195 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 535 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 272 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 247 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 38 ہزار 175 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 263 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 ہزار 9 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 187 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


کورونا وائرس کے بلوچستان میں 15 ہزار 460 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 146 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 3 ہزار 886 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 89 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 2 ہزار 937 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 77 مریض وفات پا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 168 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 37 لاکھ 61 ہزار 389 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

تازہ ترین