• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی نے کھلاڑیوں کی درخواست مان لی، فیملیز کو ساتھ رکھنے کی اجازت

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے ٹورنامنٹ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران راولپنڈی کے دوسرے اور آخری مرحلے کے لیے کوویڈ 19 پروٹوکولز کے حوالے سے اپ ڈیٹ جاری کی ہے جس کے مطابق کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف فیملیز کو ساتھ رکھ سکیں گے، پی سی بی نے درخواست اس شرط پر منظور کی ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل در آمد ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوسرے مرحلے کے لیے راولپنڈی کے ہوٹل میں موجود کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو اپنی فیملیز سے ملنے کی اجازت دے دی ہے تاہم فیملیز کی اس ری یونین کے لیے پی سی بی کے کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت دو ٹیسٹ کروانے لازمی ہیں۔

راولپنڈی پہنچنے پر ان فیملیز سمیت کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف میں شامل تمام عملے کے جمعرات کے روز کوویڈ 19 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز 9 اکتوبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہوگا۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے لیے ایک طویل عرصہ بائیو سیکیور ببل میں رہنا آسان نہیں ہے اور ممکنہ طور پر اس کے اثرات ان کی کارکردگی پر بھی پڑسکتے ہیں، اس معاملے میں کھلاڑیوں نے ایک جائز درخواست کی، جسے پی سی بی نےاس شرط پر منظور کیا ہے کہ یہ تمام فیملیز اس دوران پی سی بی کے مقررہ کوویڈ19 پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کریں گی۔


ندیم خان نے مزید کہا کہ پی سی بی کا میڈیکل اور اسپورٹس سائنسز ڈپارٹمنٹ اس دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا اور اگر وہ یہ سمجھے کہ ٹورنامنٹ کے شرکاء کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے پروٹوکولز میں مزید نرمی کی جاسکتی ہے تو وہ اس حوالے سے اپنا فیصلہ کرسکتا ہے۔

تازہ ترین