• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی لڑکیوں کی رول ماڈل فاطمہ جناح اور بینظیر بھٹو ہیں، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی لڑکیوں کی رول ماڈل فاطمہ جناح اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہیں۔

اقوام متحدہ کے چھوٹی بچیوں کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری پیغام میں چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ فاطمہ جناح اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دور کے بدترین فوجی آمروں کے خلاف قوم کی قیادت کی اور وہ بڑی بہادری سے لڑیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنی بچیوں کے مستقبل پر سرمایہ کاری کرنے والی اقوام قابل فخر ہیں، جو پُرامن بقائے باہمی و ترقی پسند معاشروں کی بنیاد کو مضبوط بنانے اور محدود وسائل کے حامل ممالک کی حوصلہ افزائی کا باعث بن رہی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی لڑکی کو اگر مطلوبہ ماحول، تعلیم اور سہولیات فراہم کی جائیں تو ان میں سے ہر ایک فاطمہ جناح اور بینظیر بھٹو بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حالیہ تاریخ گواہ ہے کہ کس طرح ایک نہتی لڑکی ملالہ یوسفزئی تاریک دور کے لشکروں کے مقابل کھڑی ہوئی، رکاوٹوں اور جبر کا مقابلہ کیا اور اپنے خوابوں کو پایۂ تکمیل پر پہنچانے کے لئے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں سرخرو ہوئی۔

پی پی چیئرمین نے زور دیا کہ ہماری توجہ اس پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے کہ زندگی کے ہر شعبے میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے ساتھ لڑکیوں کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں درپیش مشکلات کا تدارک ہو۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی پارٹی لڑکیوں کے لئے تعلیم و صحت کی سہولیات اور آگے بڑھنے کے مواقع تک رسائی کی حمایت کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دراصل پی پی صنفی مساوات کی علمبردار جماعت ہے، جس نے لڑکیوں کیلئے علیحدہ گرلز کیڈٹ کالج، خواتین کیلئے پولیس اسٹیشنز اور فرسٹ ویمن بینک قائم کیا، جبکہ بے زمین خواتین کسانوں کو زرعی زمین الاٹ کی۔

تازہ ترین