• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشیدگی کا ماحول، جیو نےحکومت اور اپوزیشن میں ڈائیلاگ پر اتفاق کروا دیا


کراچی (ٹی وی رپورٹ)سیاسی کشیدگی کے ماحول میں جیو نیوز نے حکومت اور اپوزیشن میں ڈائیلاگ کی ضرورت پر اتفاق کروادیا، وفاقی وزیر فواد چوہدری اور مسلم لیگ۔ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے حکومت اور اپوزیشن کی لڑائی ختم کروانے کیلئے سیاسی جماعتوں کے بجائے اداروں کے درمیان ڈائیلاگ پر اتفاق کیا اور کہا کہ اگر یہ ڈائیلاگ پاکستان بار کونسل کی نگرانی میں ہوںتو انہیں کوئی اعتراض نہیں۔

سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے پاکستان اویس نورانی نے کہا ہےکہ کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا تاریخی کامیاب جلسہ ہوا، میں جلسے میں ایک آزاد پاکستان ، عوام کے حقوق، اٹھارہویں ترمیم اورا ین ایف سی ایوارڈ کی بات کررہا تھا، ایک جملہ میں میری زبان سے پھسل گئی جسے غلط رنگ دینا بہت قابل افسوس ہے۔

میرے والد شاہ احمد نورانی نے اس ملک کو آئین پاکستان بنا کر دیا، آئین میں موجود اکثر شقیں میرے والد صاحب کی بنائی ہوئی ہیں، میرے بزرگوں نے پاکستان بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا، میں بارہا بلوچستان کیلئے آواز اٹھاچکا ہوں، بلوچستان میں را، موساد اور سی آئی اے جیسی دہشتگرد تنظیمیں موجود ہیں۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اویس نورانی نے اپنی بات کی وضاحت کردی ہے اسے قبول کیا جانا چاہئے، پی ڈی ایم کے جلسوں میں غیرمحتاط گفتگو پہلا موقع نہیں ہے، محمود اچکزئی نے کراچی جلسے میں اردو کو قومی زبان ماننے سے انکار کردیا تھا، گوجرانوالہ اور کوئٹہ جلسوں میں فوج کیخلاف بھی بات کی گئی، اپوزیشن قیادت کی زبان کچھ زیادہ لڑھک رہی ہے انہیں احتیاط کرنی چاہئے، ان کی زبان لڑھکنے سے ہندوستان کو فائدہ پہنچے تو اچھی بات نہیں ہے۔ 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی لڑائی صرف موجودہ آرمی چیف سے نہیں ہے، جنرل آصف نواز کے اہلخانہ نے نواز شریف پر انہیں زہر دینے کا الزام لگایا تھا، جنرل جہانگیر کرامت کے معاملہ میں استعفے کی نوبت آگئی، جنرل وحید کاکڑ ،جنرل پرویزمشرف اور جنرل راحیل شریف سے معاملات بھی ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔ 

فواد چوہدری نے کہا کہ مودی رائیونڈ آئے تو نواز شریف کو انہیں بھی اپنا گھر ٹھیک کرنے کا مشورہ دینا چاہئے تھا، صرف پاکستان کو ہی گھر ٹھیک نہیں کرنا ہندوستان کو بھی اپنا گھر ٹھیک کرنا ہوگا، یہ کوئی بات نہیں کہ پاکستان اپنا گھر ٹھیک کرلے لیکن این ڈی ایس اور را پاکستا ن میں دہشتگردی کرتی پھریں، اس معاملہ پر ن لیگ کا موقف لاعلمی یا بدنیتی پر مبنی ہے۔ 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکے کسی ایک پارٹی یا ملک کا نہیں پوری کائنات کا مسئلہ ہے، محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تکریم کائنات کے ذرّے ذرّے پر مقدم ہے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تکریم کے بغیر دنیا آگے نہیں چل سکتی۔ 

فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ نیب کیسوں کو چھوڑ دے انتخابی اصلاحات پر بات کرے،اپوزیشن مہنگائی کم کرنے اور گورننس کیلئے حکومت کو تجاویز دے، اپوزیشن کو اپنی عزت کروانی ہے تو وزیراعظم عمران خان کی عزت کریں، اپوزیشن قیادت کو اپنے آٹھ کیسوں کے علاوہ کسی کارکن کے کیس پر بات کرنے کی فکر نہیں ہے، ن لیگ نے کبھی حنیف عباسی اور رانا ثناء اللہ پر کیس واپس لینے کیلئے بات نہیں کی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں نیب کا غلط استعمال نہیں ہورہا ہے، شہباز شریف کے کیس میں 41والیوم کی جبکہ آصف زرداری کے کیس میں 63والیوم کی بینک ٹرانزیکشنز ثبوت ہیں، جنوری میں کچھ بھی نہیں ہوگا سب اپنی تنخواہوں پر کام کریں گے، نواز شریف کی واپسی کے امکانات روشن ہیں۔

تازہ ترین