• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

70 دن بعد کورونا وائرس کی شرح 3 فیصد بڑھ گئی: اسد عمر


وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کہتے ہیں کہ ملک میں 70 دن بعد کورونا وائرس مثبت ہونے کی شرح 3 فیصد بڑھ گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کچھ عوامی سرگرمیوں پر پابندیاں سخت کی ہیں۔

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کو صرف احتیاط کے ذریعے ہی بڑھنے سے روکا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز این سی او سی نے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیشِ نظر 11 بڑے شہروں میں مارکیٹیں، شاپنگ مالز، شادی ہالز، ریسٹورنٹس رات 10 بجے جبکہ تفریح گاہیں اور پارک شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں، ہاٹ اسپاٹ قرار دیئے گئے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔

اس دوران اسپتال، میڈیکل اسٹورز، کلینک، پٹرول پمپس اور بیکریاں کھلی رہیں گی۔

این سی او سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو مزید سختی کرنی پڑ سکتی ہے۔


دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس نے مزید 16 افراد کی جان لے لی، جبکہ 908 نئے کورونا کیسز سامنے آگئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 31 ہزار 108 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 775 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 11 ہزار 695 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 624 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 12 ہزار 638 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین