پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ملک میں کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں آج ایک ہی دن میں پاکستان پہلے 26 ویں نمبر پر پھر 27 ویں نمبر پر آگیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 21 ہزار 688 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 44 لاکھ 31 ہزار 225 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 807 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 11 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 539 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 993 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 806 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں 12 ہزار 121 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 669 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 14 ہزار 66 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 45 ہزار 475 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 625 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 4 ہزار 16 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 357 ہو گئیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 39 ہزار 458 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 276 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 19 ہزار 818 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 217 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 15 ہزار 896 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 149 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 248 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 92 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 4 ہزار 82 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 90 مریض وفات پا چکے ہیں۔