• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں غباروں میں ہوا بھرنے کا سلنڈر پھٹنے سے 12 سالہ بچہ اور 35 سالہ غبارہ فروش جاں بحق ہو گیا جبکہ آس پاس کھڑی ہوئی 2 بچیوں سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔

سب ڈویژنل پولیس آفیسر سہراب گوٹھ ڈی ایس پی سہیل فیض کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سہراب گوٹھ کے علاقے جونیجو کالونی میں پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ غبارہ فروش ایک رکشے میں سلنڈر رکھ کر غبارے فروخت کرنے کیلئے اکثر اس علاقے میں پہنچتا تھا۔

آج دوپہر بھی وہ اپنے رکشے میں رکھے سلنڈر سے غباروں میں ہوا بھر رہا تھا کہ اچانک دھماکا ہو گیا۔

پولیس کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے قریب کھڑا ہوا 12 سالہ بچہ اور غبارہ فروش موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔


ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ان کے رضاکاروں نے بچے اور 35 سالہ غبارہ فروش کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں 2 کمسن بچیاں بھی شامل ہیں۔

ترجمان ایدھی فاؤـنڈیشن کے مطابق ایک زخمی کو گلشنِ اقبال کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 2 زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ہے۔

تازہ ترین