عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا ہے کہ ہم کورونا وائرس سے لڑتے ہوئے تھک گئے لیکن وائرس نہیں تھکا۔ کوروناوائرس کمزور صحت والوں کو بیمار کرتا ہے۔
جنیوا میں ڈبلیو ایچ او اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا تھا کہ وائرس انہیں بھی بیمار کرتا ہے جو اسے نظر انداز کرتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے اس موقع پر نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کمالہ ہیرس کو مبارکباد دی اور کہا کہ نئی امریکی انتظامیہ سے باہمی اعتماد سازی سےمل کر کام کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب امریکا اور جرمنی کی دواساز کمپنیوں نے اپنی مشترکہ تجرباتی کورونا وائرس کی ویکسین کے 90 فیصد سے زیادہ مؤثر ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
دواساز کمپنیوں کے دعوے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ 90 فیصد مؤثر کورونا ویکسین کی خبر بہت زبردست خبر ہے، ویکسین جلد آرہی ہے۔