• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 5: ٹیمیں ایکشن دکھانے کیلئے کراچی میں جمع

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے پلے آف مرحلے کے ایکشن کے لئے ٹیمیں کراچی میں جمع ہوگئیں۔

تمام ہی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے پی ایس ایل ٹائٹل پر نظریں جما کر ایکشن دکھانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کا ایکشن کراچی میں 14 سے 17 نومبر تک ہوگا اور ایونٹ میں مقابلے کے لیے ٹیموں نے کراچی میں پریکٹس شروع کردی ہے۔


منگل کو کراچی میں چار ٹیموں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے بھرپور انداز میں ٹریننگ کی۔

صبح کے سیشن میں ٹیبلز کی ٹاپ ٹیموں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز نے نیشنل اسٹیڈیم کا رخ کیا اور ہائی پرفارمنس سینٹر میں طویل پریکٹس سیشن منعقد کیا۔

ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں زمبابوے کے برینڈن ٹیلر اور جو ڈینلی کو محمود اللّٰہ اور جیمز وینس کے متبادل کے طور پر شامل کرلیا گیا ہے۔

شام کے سیشن میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے نیشنل اسٹیڈیم کا رخ کیا، قلندرز کے غیرملکی پلیئرز سُمت پٹیل، ڈیوڈ ویئسا اور ڈین ویلاس نے بھی سیشن میں حصہ لیا۔

بین ڈنک نے ٹریننگ سیشن میں شرکت نہیں کی، وہ کل ٹیم کے ساتھ ایکشن میں ہوں گے۔

فخر زمان، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حفیظ کل ٹیم جوائن کرلیں گے جبکہ بنگلہ دیش کے تمیم اقبال بھی کل ٹیم جوائن کریں گے۔

ادھر پشاور زلمی نے بھی معین خان اکیڈمی میں ٹریننگ کی اور انٹرا اسکواڈ میچ بھی کھیلا۔

بدھ کو ملتان سلطانز پشاور زلمی کے ساتھ نیشنل اسٹیڈیم جبکہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز معین خان اکیڈمی میں پریکٹس میچ کھیلیں گے۔

تازہ ترین