پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پہلی بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم کے کپتان سہیل اختر نے دونوں ٹیموں کو متوازن قرار دے دیا۔
کراچی میں فائنل سے قبل ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران سہیل اختر نے ٹیم کی عمدہ پرفارمنس کے حوالے سے ایک راز سے بھی پردہ اٹھادیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں شامل محمد حفیظ بہت ہی سینئر کھلاڑی ہیں، دوران میچ اُن سے مشورے کرتا رہتا ہوں لیکن آخری فیصلہ میرا ہی ہوتا ہے۔
لاہور قلندرز کے کپتان نے مزید کہا کہ فلڈ لائٹس میں کھیلنے یا نہ کھیلنے سے زیادہ فرق نہیں پڑتا، فائنل کی حتمی الیون کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 کرکٹ میں ایک یا دو پلیئرز کا پرفارم کرنا بھی کافی ہوتا ہے، اچھی بات یہ ہے کہ ہمارا ہر کھلاڑی کسی نہ کسی میچ میں کارکردگی دکھا رہا ہے، جس کی وجہ سے فائنل تک پہنچے۔
سہیل اختر نے یہ بھی کہا کہ لاہور قلندرز نے گزشتہ 5 سال کے دوران ٹیلنٹ ہنٹ کیلئے بہت کام کیا، یہ اسی چیز کا نتیجہ ہے کہ لاہور قلندرز آج پی ایس ایل کے فائنل میں ہے، ہماری ٹیم کو پورے پاکستان سے سپورٹ مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فائنل ایونٹ کے لیے دو ٹرافیز رکھی ہیں، ایک ونر اور دوسری رنر اپ کے لیے، جو بھی ٹرافی اٹھائیں خوشی اس بات کی ہے کہ ٹورنامنٹ خیریت سے ہوگیا۔