کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات ایم این اے نفیسہ شاہ نے کہاہے کہ حکومت نے عوامی اجتماعات پر پابندی ہماری تحریک روکنے کے لئے لگائی ہے پشاور اور ملتان میں ایس او پیز کے ساتھ جلسے شیڈول کے تحت ہونگے ،گلگت بلتستان کا انتخاب ہائی جیک کرنے کے لئے پہلے اے ٹی ایم کے منہ کھول دیے گئے اب وفاقی وزراء آزاد امیدواروں کے پیچھے اے ٹی ایم لیکر بھاگ رہے ہیں الیکشن کمیشن کسی شکایت کا نوٹس نہیں لیتا سپریم کورٹ منظم دھاندلی کا نوٹس لے ۔ گلگت میں مطالبات کی منظوری تک پیپلزپارٹی کا دھرنا جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیپلز میڈیا سیل بلاول ہاؤس میں صوبائی وزیر شہلا رضا. پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات آصف خان اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیدہ نفیسہ شاہ نے کہاکہ اپوزیشن کا راستہ روکنے کے لئے کبھی نیب اور کبھی دہشت گردی کے خطرات کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔من پسند نتائج کے لئے انتخابی عمل کو ہائی جیک کرنے اور دھاندلی کے خلاف ہم قانونی اور سیاسی جنگ لڑیں گے۔