• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، امریکا میں ایک ہزار ہلاکتیں، مشی گن، واشنگٹن، نیو جرسی میں سخت پابندیاں لگانے کا فیصلہ

پیرس(اے ایف پی،جنگ نیوز) کورونا وائرس،امریکا میں ایک ہزار ہلاکتیں، مشی گن، واشنگٹن، نیو جرسی میں سخت پابندیاں لگانے کا فیصلہ، بائیڈن کاکہناہےکہ اختیارات کی منتقلی میں تاخیر سے اموات بڑھ سکتی ہیں، دوسری جانب روس میں 440مریض چل بسے، سویڈن میں اجتماعات پر پابندی لگادی گئی۔ غیرملکی میڈیاکےمطابق کورونا وائرس سے دنیابھر میں 13لاکھ 28ہزارسے زائد افراد چل بسے ہیں جبکہ 5 کروڑ50 لاکھ سے زائد اس عالمی وباء سے متاثر ہوئے، جن میں سے 3 کروڑ 52 لاکھ سے زائد صحتیاب بھی ہوئے، گزشتہ روز دنیا بھر میں 7 ہزار810نئی اموات ہوئیں جبکہ 5 لاکھ 29ہزار سے زائد مریض سامنےآئے،امریکامیں 24 گھنٹے کےدوران 1ہزار،فرانس میں 506 اور اٹلی میں 504اموات دیکھی گئیں، امریکا میں اب تک 2 لاکھ 47ہزار229 مریض چل بسے ہیں جبکہ ایک کروڑ 12لاکھ سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں،روس میں کورونا سے ریکارڈ 442 اموات دیکھنے کو ملیںجس کے بعد ملک میں نئے لاک ڈائون کے نفاذ پر زور دیا جارہا ہے۔دوسری جانب نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہاہےکہ اختیارات کی منتقلی میں مزید تاخیر ہوئی تو کورونا سے اموات زیادہ ہوسکتی ہیں جتنی جلد اختیارات ملیں گےاتنی جلدکورونا ویکسین پرکام شروع ہوگا۔دوسری جانب امریکی ریاست مشی گن، واشنگٹن، نیو جرسی، نیو میکسیکو اوریگون اور نیو یارک شکاگو جیسے شہروں میں کورونا کے حوالے سے پابندیاں مزید سخت کی جائینگی۔ ادھر سویڈن نے بھی8 افراد سےزائد کے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔

تازہ ترین