• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کو جنسی استحصال سے بچانا ریاستوں کا بنیادی فرض ہے، کونسل آف یورپ

بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی تقریباً 19 ملین تصاویر روزانہ آن لائن پھیلائی جاتی ہیں۔ یہ اعداد و شمار بچوں کے جنسی استحصال اور انہیں جنسی زیادتی سے تحفظ کے چھٹے یورپین ڈے کے موقع پر سامنے آئے ہیں۔

 یاد رہے کہ یورپ میں بچوں کی برہنہ تصاویر کے ذریعے ان کے جنسی استحصال اور ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی فلمیں آن لائن مشتہر کرنے کے قبیح عمل کے خلاف آگاہی پھیلانے کیلئے یورپ بھر میں ہر سال 18 نومبر کو یہ دن منایا جاتا ہے۔

انٹرپول کے مطابق روزانہ دنیا بھر سے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی تقریباً 19 ملین تصاویر سوشل میڈیا کے مختلف فورمز، خصوصی گروپوں اور ڈارک ویب پر اپ لوڈ کی جاتی ہیں۔ یہ عمل خوبصورت بلی کے بچوں کی تصاویر اپ لوڈ کرنے سے 78 گنا زیادہ ہے۔

اس حوالے سے نفسیاتی امور کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کوویڈ 19 کے لاک ڈاؤن کے دوران بچے ان برے لوگوں کا آسان نشانہ ہیں۔


اس حوالے سے کونسل آف یورپ کے ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ' بچوں کو جنسی استحصال اور جنسی زیادتی سے بچانا تمام ریاستوں کا بنیادی فرض ہے۔ بچوں کے خلاف ہر طرح کے جنسی تشدد کا موثر طریقے سے مقابلہ کرنے کیلئے حکومتوں کو بین الاقوامی سطح پر منظم انداز میں شامل ہونا ہوگا۔ 

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کوویڈ 19 وبائی بیماری اور اس کے نتیجے میں لاک ڈاؤن کے وقفوں سے بچوں کے جنسی استحصال اور ان کے زیادتی کا شکار ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ خاص طور پر جب صحت کے خدشات کی وجہ سے اسکول اور دیگر معاشرتی خدمات کو پیچھے چھوڑنا پڑا ہے۔

کونسل نے اپنے اعلامیے میں ممبر ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈائون کا فیصلہ کرتے ہوئے وہ اس پہلو کو بھی سامنے رکھیں۔ اس کے ساتھ ہی اس استحصال اور زیادتی کو روکنے کیلئے کوششوں کو تقویت دینا ہوگی اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔

تازہ ترین