• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی دہشتگردی کے ثبوت، پاکستان نے ڈوزئیر اقوام متحدہ کو دیدیئے

اقوام متحدہ (عظیم ایم میاں) اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات کر کے اہم دستاویزی ثبوتوں پر مبنی بھارت کے خلاف پاکستان کا وہ ڈوزیئر پیش کردیا جس میں پاکستانی سرزمین پر کی جانے والی دہشت گردی، افغانستان میں بھارتی سفارتی مشنوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف تخریب کاری، تباہی عدم استحکام اور دہشت گردوں سے رابطوں اور سازشوں کے بارے دستاویزی ثبوت بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ بلوچستان میں دہشت گردوں کی بھارتی سرپرستی کا سلسلہ کئی سال سے جاری ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان کے خلاف بھارتی دہشتگردی کےثبوت کا ڈوزیئر پیش کرنے کے بعد ’’جیو/جنگ ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر منیر اکرم نے اگلے مراحل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اب اس پاکستانی ڈوزیئر کی کاپیاں اقوام متحدہ کے ان اہم متعلقہ اداروں کو بھی دی جائیں گی جو انسداد دہشت گردی، اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی سرحدوں میں عدم مداخلت اور دیگر متعلقہ شعبوں سے متعلق کام کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں سلامتی کونسل کے رکن ممالک کو بھی ڈوزیئر دیا جائے گا۔ کیونکہ امن، انسداد دہشت گردی اور عالمی امن کو درپیش خطرات سے ڈیل کرنا سلامتی کونسل کےدائرہ کار کا حصہ ہے۔ اُدھر اقوام متحدہ کے کسی رکن ملک کی سرحدوں میں واقع سرزمین پر کسی دوسرے رکن ملک کی مداخلت اور تخریبی کارروائیاں کرنا اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی ہے۔ ماضی کی پاکستانی حکومتوں نے بھی بھارت کی دہشت گردی اور پاکستان کے معاملات میں مداخلت کے بارے میں اقوام متحدہ، امریکہ اور دیگر اہم ممالک کو ڈوزیئر پیش کرنے کے اعلانات کئے لیکن نہ تو یہ ڈوزیئر کبھی کسی ملکی یا غیر ملکی میڈیا کو فراہم کئے گئے اور نہ ہی کسی عالمی ادارے یا ملک کی جانب سے اس ڈوزیئر پر کبھی کوئی کارروائی یا اقدام سامنے آیا۔ سفارتی دنیا میں بھی محض ڈوزیئر (یعنی فائل) پیش کرنے کی اہمیت اسی وقت ہوتی ہے جب ڈوزیئر پیش کرنے والا عالمی اداروں اور غیرممالک کے سامنے اس کی مؤثر اور مسلسل پیروی کرے۔ ورنہ فائل کو داخل دفتر کرکے خاموشی اختیار کرلی جاتی ہے۔ پاکستانی سفیر منیر اکرم کا کہنا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے سسٹم میں موجود ان ایجنسیوں اور اداروں میں بھی اس ڈوزیئر کی مؤثر پیروی کریں گے جو امن واستحکام ، دہشت گردی کے خاتمہ اور رکن ممالک کی سلامتی و استحکام اور داخلی خود مختاری کے امور سے تعلق رکھتے ہیں۔ تاہم انہوں نے تفصیل بتانے سے گریز کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھارت کے خلاف ڈوزیئر پیش کرنے کے بعد اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر نے اقوام متحدہ کے متعلقہ ذیلی اداروں کو بھی ڈوزیئر کی کاپیاں اور ثبوت فراہم کرنےکی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ واشنگٹن میں ٹرمپ انتظامیہ اور نومنتخب صدر جوزف بائیڈن کی ٹیم کے درمیان انتقال اقتدار کے مراحل کے باعث ابھی تک امریکی محکمہ خارجہ کو ڈوزیئر پیش کرنے کے بارے میں ابھی پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

تازہ ترین