• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IMF کو بتایا ہے کہ ہمیں پروگرام کی ضرورت ہے: ڈاکٹر وقار مسعود

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود خان کہتے ہیں کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بتایا ہے کہ ہمیں پروگرام کی ضرورت ہے۔

’جیو نیوز‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر وقار مسعودخان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہماری مجبوریوں کو سمجھا جائے، پاکستان کی معیشت نے ابھی پھلنا پھولنا شروع کیا ہے، پاکستان کی معیشت کو بہتری کے لیے مزید وقت چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن جلد پاکستان آئے گا، یہ طے ہونا باقی ہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن پاکستان کا دورہ کرے گا یا ورچوئل جائزہ لے گا، ہر قسم کی خرید و فروخت کی معلومات ٹیکنالوجی کی مدد سے ایف بی آر کو مل گئی ہیں۔

ڈاکٹر وقار مسعود خان نے کہا کہ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت سالانہ 13 ہزار ارب روپے ٹیکس ادا کر سکتی ہے، ہم کہتے ہیں کہ سالانہ 9 ہزار ارب روپے ٹیکس ہی ادا کر دیں تو بھی بہتری ممکن ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے خزانہ و ریونیو کا مزید کہنا ہے کہ مجھے میرے تجربے کی بنیاد پر حکومت نے اس عہدے پر تعینات کیا ہے۔

ڈاکٹر وقار مسعود خان نے یہ بھی کہا کہ میں کسی عہدے کا خواہشمند نہیں لیکن کچھ دوستوں کے اصرار پر عہدہ قبول کیا، ایف بی آر میں اصلاحات کے عمل کو مکمل کرنا میری پہلی ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے حال ہی میں سابق سیکریٹری خزانہ و اقتصادی امور ڈاکٹر وقار مسعود خان کو اپنا معاونِ خصوصی بر ائے ریونیو مقرر کیا ہے، جن کا عہدہ وزیرِ مملکت کے برابر ہے۔


کابینہ ڈویژن نے ان کی تقرری کا نو ٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، اس تقرری کے بعد کابینہ میں غیر منتخب شخصیات کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

ڈاکٹر وقار مسعود خان کی کابینہ میں شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کی تعداد بڑھ کر 51 ہوگئی ہے۔

کابینہ میں وفاقی وزراء کی تعداد 27، وزرائے مملکت کی تعداد 3، مشیروں کی تعداد 5 اور معاونینِخصوصی کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔

تازہ ترین