کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)رواں سال جاری کی جانے والی ایشیا کے 50مقبول فنکاروں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق50 مقبول فنکاروں کی فہرست میں 4نامور پاکستانی فنکار بھی اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ اس فہرست میں ایشیا کے اُن 50 فنکاروں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران اپنے اچھے کاموں سے لوگوں کا متاثر کیا اور معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کیے۔پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں میں4پاکستانی فنکاروں کا نام شامل کیا گیا ہے، جس میں ثروت گیلانی، بلال عباس، علی ظفر اور شرمین عبید شامل ہیں۔شوبز انڈسٹری کے نوجوان اداکار بلال عباس خان کا نام فہرست میں 28 ویں نمبر پر موجود ہے۔بلال عباس خان نے رواں سال متعدد ڈراموں میں حیرت انگیز اداکاری کرکے بہت تیزی سے مقبولیت سمیٹی۔اس فہرست میں ویب سیریز ’چڑیلز‘ کی اداکارہ ثروت گیلانی 21ویں نمبر پر ہیں۔ثروت گیلانی نے فیمنسٹ آئیکن کی حیثیت سے اپنی پوزیشن مستحکم کی۔علاوہ ازیں اُنہوں نے ویب سیریز ’چڑیلز‘ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں ٹی وی پر دکھائے جانے والے مواد کے لیے نئے دروازے بھی کھولے ہیں۔آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے اس فہرست میں 49 ویں نمبر پر ہیں۔شرمین عبید چنائے نے سال2020میں سماجی مسائل سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔وہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لائیں اور اپنے کام سے بین الاقوامی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔گلوکار و اداکار علی ظفر ایسٹرن آئی کی جانب سے مرتب کی جانے والی فہرست میں 39 ویں نمبر پر ہیں۔